Topics

کمرے میں مزار


یاسمین۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے پھوپھا کے ساتھ کہیں جا رہی ہوں۔ ہمارے ساتھ دوسرے پھوپھی کی  لڑکی بھی ہے۔راستے میں ایک بہت خوب صورت ، ہرا بھرا باغ نظر آیا ۔اس میں گلاب کے پھول لگے ہوئے تھے ۔ پھر دیکھا کہ پھوپھا میاں کے ہاتھ میں گلاب کے پھولوں کا ہار ہے ۔ انہوں نے ہار کو کتھئی رنگ کے شال میں لپیٹ لیا کہ کوئی دیکھ نہ لے ۔ پھر ہم لوگ وہاں سے چلے۔ بس میں بیٹھے۔ بس سے اتر کر تھوڑی ہی دور چلے تھے کہ ایک دیوار نظر آئی ۔ اس دیوار پر جانے کے لئے زینہ نہیں ہے ۔ میری پھوپھی کی لڑکی تو بہت تیزی سے پتھر وں کے ذریعے دیوار کے اوپر چڑھ گئی ۔ اور دوسری طرف اتر گئی ۔ مگر مجھے بہت مشکل پیش آئی ۔ دیوار پر بہت سی عورتیں تھیں ۔ کہنے لگیں کہ اس طرف زینہ ہے، ادھر سے اتر جاؤ ۔ مگر مجھے زینہ نظر ہی نہیں آیا ۔ خیر ، میں بہت مشکل سے اتری ۔ دوسری طرف ایک کمرہ سا نظر آیا ۔ میں کمرے میں جاکر کھڑی ہوئی ۔ وہاں کسی بزرگ کا مزار تھا ۔ کمرے میں ان کی آواز آرہی تھی ۔ میں سنتی رہی لیکن مفہوم واضح نہیں ہوا کہ وہ کیا کہہ رہے تھے ۔ مجھے خواب میں اکثر اپنے ہاتھوں میں مہندی لگی ہوئی نظر آتی ہے ۔

 تعبیر : کمرے میں مزار اور مزار میں سے کسی بزرگ کی آواز آنا یہ بتاتا ہے کہ آپ نے کوئی وظیفہ پڑھا ہے اور یہ وظیفہ حسبِ منشا شادی کے لئے ہے ۔شادی ہونے کے امکانات تو ہیں مگر مشکلات پیش آئیں گی ۔ اگر آپ یقین کے ساتھ وظیفہ پڑھتی رہیں تو انشاء اللہ کامیابی آپ کا مقدر ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (اگست 81 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.