Topics

عورت کو دیکھنا


محمد شفیع، لانڈھی کالونی کراچی۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اس لڑکی کے گھر جاتا ہوں جس سے میں مانوس ہوں ۔ اس وقت گھر میں صرف وہی لڑکی ہوتی ہے ۔ میں گھر کے اندر جاتے ہوئے بہت شرماتا ہوں ۔ بہر حال گھر کے اندر داخل ہو جاتا ہوں ۔ ہم دونوں آپس میں کچھ دیر بات کرتے ہیں ۔ وہ لڑکی مجھ سے کہتی ہے کہ بازار سے آلو لا دو ۔ میں بازار آلو لینے چلا جاتا ہوں ۔راستہ میں میرے گھر کے سامنے ایک سڑک ہے اس سڑک پر ایک تانگہ سامنے سے آرہا ہے۔ تانگہ میں ایک عورت اور ایک بچہ سوار ہے۔ عورت میری دکان کے سامنے تانگہ رکوا کر اتر جاتی ہے اور تانگہ والے کو واپس کر دیتی ہے۔ سڑک پر بہت سے بچے کھیل رہے ہیں ۔ وہ بچے اس عورت پر کنکر پتھر پھینک رہے ہیں وہ عورت تانگہ سے اتر کر سڑک کے دوسری طرف چلی جاتی ہے ۔ اس عورت کے پیچھے پیچھے چند آدمی چلتے ہیں میں بھی ان آدمیوں کے پیچھے چلتا ہوں ۔ وہ عورت اور اس کے ساتھ چلنے والے مرد راستہ میں سلام پڑھتے ہوئے چلتے ہیں ۔ تھوڑی دور جا کر دلدل آجاتی ہے ۔عورت اور وہ سب آدمی دلدل میں دھنس جاتے ہیں ۔عورت دلدل میں سے تربو ز کی ا یک پھانک نکال کر مجھے دیتی ہے میں ڈرتے ڈرتے تربوز کی پھانک بسم اﷲکہہ کر کھا لیتا ہوں ۔ اتنے میں ایک آدمی مجھ سے کہتا ہے کہ مجھے بھی تربوز کھلاؤ ۔ میں اس کو تربوز کھلانے سے منع کر دیتا ہوں لیکن وہ تربوز کھانے پر اصرار کرتا ہے تو عورت کہتی ہے کہ اس شخص کو تربوز دے دو۔ جب میں اس شخص کو تربوز دیتا ہوں تو اس آدمی کے ہاتھ قدرتی طور پر کمر کی طرف مڑنا شروع ہو جاتے ہیں اور اتنی زور زور سے مڑتے ہیں کہ آدمی کی سب پسلیاں نظر آنے لگتی ہیں ۔اور وہ آدمی بھیانک انداز میں چیختا اور چلاتا ہوا بھاگ جاتا ہے اور میں خواب میں شدید خوف محسوس کرتا ہوں ۔ اس خوف کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

 تعبیر: آپ جو کچھ کر رہے ہیں اخلاق، مذہب، معاشرہ اس کی ہر گز اجازت نہیں دیتا ۔ یاد رکھیئے آپ کی شادی کا مسئلہ آپ کے جن سرپرستوں نے طے کیا تھا ۔ انہوں نے اس کو سمجھنے میں غلطی نہیں کی ہے ۔ آپ کو بھی اپنے ذہن سے یہ شک نکال دینا چاہیئے اور زندگی میں الجھنیں پیدا کرنے کی بجائے ہنسی خوشی زندگی گزاریئے ۔ ایسے معاملات میں جن میں تعاون کرنا ممکن ہے اور مناسب ہے سسرال والوں سے تعاون کرنا چاہیئے ۔ حالات میں خوشگواری پیدا ہو جائے گی۔ بدگمانی اور شکوک و شہبات کی حا لت بھی درست نہیں۔

تجزیہ: تانگہ میں بیٹھی ہوئی عورت آپ کی بیوی ہےاور بچہ آپ کا لڑکا ہے۔ بچوں کا کنکر پتھر پھینکنا وہ تکلیف ہے جو آپ کی طرف سے آپ کی رفیقۂ حیات کو پہنچ رہی ہے۔ عورت کے پیچھے چلنے والے مرد آپ کے وہ سرپرست ہیں جنہوں نے آپ کی شا دی کی ہے۔ دلدل میں پھنسی ہوئی عورت وہ لڑکی ہے کہ جس میں آپ دلچسپی لے رہے ہیں ۔ تربوز کی پھانک وہ جذبہ ہے جو آپ کے دل میں اس لڑکی کے لئے موجود ہے ۔ دوسرے آدمی کو آپ کے ہاتھ سے تربوز کی قاش دلانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ لڑکی آپ کو بے وقوف بنا رہی ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (جنوری 79ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.