Topics

حوروں والا عمل کرنے کی اجازت مانگنا


فرحانہ انجم۔ میں نے دیکھا کہ ایک کافی پرانی عمارت ہے اس کے ایک کمرے میں آپ میز کرسی لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ میں اچانک کمرے میں داخل ہوتی ہوں اور بڑے ادب سے آپ سے یہ کہتی ہوں کہ مجھے حوروں والا عمل کرنے کی اجازت دے دیں ۔ آپ کہتے ہیں میری طرف سے تمہیں پوری پوری اجازت ہے۔ اس پر میں کہتی ہوں کہ میرا نام لکھ لیں تو آپ میرا نام ایک رجسٹر میں لکھ لیتے ہیں اور پھر اجازت دے دیتے ہیں پھر میں نے دیکھا کہ آپ کوئی نقشہ تیار کر رہے ہیں اور تھوڑی دیر تک حساب لگاتے رہتے ہیں کہ اچانک اپنی کرسی سے اٹھ کر کھڑے ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پڑھو تم بہت پڑھا کرو اس پر میں کہتی ہوں کہ میں نے تو آپ سے حوروں والے عمل کی اجازت مانگی تھی۔ آپ کہتے ہیں کہ تم کتابیں پڑھا کرو میری لائبریری میں اچھی اچھی کتابیں ہیں میں کہتی ہوں کہ اچھا آپ مجھے اپنی کچھ کتابیں پڑھنے کو دے دیں۔ دو تین دن میں واپس کر دوں گی۔ میں لائبریری میں سے ایک کتاب نکال لیتی ہوں آپ مجھے ایک اور کتاب دیتے ہیں جو کہ ان دنوں آپ کی زیر مطالعہ تھی کہتے ہیں کہ جب دل چاہے واپس کر دینا۔ واپس کرنے کی کوئی فکر نہ کرنا اس بات سے مجھے بہت زیادہ سکون ملتا ہے۔ اس اثنا میں ایک لڑکی بھی وہاں آ جاتی ہے میں سوچتی ہوں کہ اب گھر جانا چاہیئے مگر جاتے وقت میں پھر آپ سے پوچھتی ہوں کے مجھے اس عمل کی اجازت ہے نا اس پر وہ لڑکی ہنستی ہے اور کہتی ہے کہ تم چار طوطا اور چار مینا پالو تمہاری مشکل حل ہوجائے گی۔ اس پر آپ کہتے ہیں ہاں یہ ٹھیک ہے۔ لیکن میں آپ سے ایک سوال پوچھتی ہوں کہ ہمارے ابو چڑیا کو دانہ دیتے ہیں جب چڑیا یہ دانہ چگتی ہے تو ایک وسیلہ سے اللہ اس کو رزق پہنچاتا ہے جس کے صدقے میں اللہ تعالیٰ ابو کو بھی رزق دیتا ہے اور اس میں برکت ہوتی ہے لیکن یہ چار طوطا اور چار مینا کا چکر میری سمجھ میں نہیں آیا۔

تعبیر: خواب میں کئی باتوں سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

۱۔ آپ کو علم حاصل کرنے میں جتنی محنت کرنی چاہیٔے وہ پوری نہیں ہوتی۔ بے کار باتوں میں وقت بہت ضائع ہوتا ہے۔

۲۔ اگر پوری طرح محنت کی گئی تو نتیجہ اچھا نہیں آئے گا ۔

۳۔ آپ کے اندر روحانی علوم حاصل کرنے کی صلاحیت اور شوق موجود ہے مگر اس کے لئے جس قدر مستقل مزاج ہونا ضروری ہے اس میں کمی ہے ۔فی الحال آپ کے لئے میرا مشورہ ہے کہ آپ ہر طرف سے ذہن ہٹا کر کم از کم گریجویشن ضرور کر لیں۔ اس کے بعد روحانی علوم حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کریں۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (نومبر 82 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.