Topics

غار دیکھنا


کراچی: پرانی قبریں ہیں جن پر بڑے بڑے  پتھر رکھے ہیں۔ قبریں اس طرح ہیں کہ  دو قریب قریب اور ایک فاصلے پر ہے ۔ نظر پڑتے ہی  ہیبت طاری ہوگئی۔ سوچ رہی تھی کہ قبریں کس کی ہیں۔ اتنے میں کسی نے کہا کہ   آگے بڑھو۔ میں آگے گئی تو  غارنظر آیا۔وہاں بڑے بڑے پتھر تھے جن پر ایک حسین  خاتون بیٹھی تھیں۔ خاتون کو دیکھنے کی کوشش کی تو پھر آواز آئی کہ قریب جاؤ، گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ میں قریب گئی تو کہا گیا کہ ان کو ادب سے سلام کرو۔ میں نے سلام کیا، انہوں نے جواب دیا۔ پھر میں تیزی  سے واپسی کے لئے مڑی لیکن محسوس ہوا کہ وہاں موجود اشیا مجھے اپنی جانب کھینچ رہی تھیں۔آنکھ کھلی تو جسم بھاری ہوگیا تھا اور ہاتھ پیر ہلانے  میں مشکل پیش آرہی تھی۔ یہ حالت دیر تک قائم رہی۔ کچھ دیر بعد میں دوبارہ سوگئی۔ دیکھا کہ کسی باغ میں ایک شخص اور بچہ موجود ہیں۔ میں گھاس پربیٹھی ہوں۔ جیسے ہی میں نے بچے کو پیار کیا، اس کے ساتھ موجود شخص نے میرا  گلا پکڑلیا۔  بمشکل خود کوچھڑایا۔  خوف سے آنکھ کھل گئی۔ دوبارہ سونے پر تیسرا خواب دیکھا کہ  ایک بچہ ہے۔ ماں اس کو مارنے کے لئے دوڑی۔ بچہ بھاگتے ہوئے گرا اور  چوٹ لگنے سے زخمی ہوگیا۔

تعبیر: خواب کے نقوش بتاتے ہیں کہ آپ کے دل کی رگیں متاثر ہیں۔ اچھے ہارٹ اسپیشلسٹ  کو دکھائیے۔ آپ کے مزاج میں پرہیز کی کمی ہے۔  پرہیز اورمستقل مزاجی کے ساتھ علاج سے فائدہ ہوگا، انشاء اللہ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (مارچ    ۲۰۲۴ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.