Topics

آگ کا شعلہ دیکھنا


میں نے خواب دیکھا کہ ایک قدِ آدم آگ کا شعلہ ہے ۔ وہ جلتا ہوا میرے پاس آ رہا ہے۔ میں اسے دیکھ کر بہت پریشان ہوں کہ میرے گھر میں قرآن پاک موجود ہے۔ خانہ کعبہ کی تصویر دروازے پر لگی ہوئی ہے پھر یہ عورت کیسےمیرے پاس آرہی ہے۔ یہ عورت میرے پاس پلنگ پر بیٹھ جائے گی اور میں جل کر مر جاؤں گی۔(عورت صرف میرا خیال تھا ورنہ آگ میں سر ، ہاتھ ، پاؤں کچھ بھی نظر نہیں آرہے تھے) میں نے آیۃ الکرسی پڑھی تو وہ آگ کا شعلہ رک گیا ۔ دوبارہ پھر آیۃ الکرسی شروع کی تو درمیان میں آنکھ کھل گئی مگر خواب کا خوف مجھ پر طاری رہا۔ اور اسی طرح بقیہ آیت پوری کر دی۔ پھر دن ہویا رات ہر آہٹ پر ڈر لگنے لگا۔ یہاں پنڈی میں ایک اللہ والے بزرگ شاہ صاحب ہیں۔ ان کے پاس گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے تعویز کر کے کہیں دبا دیا ہے کہ تمہارے اولاد نہ ہو اور شوہر کے ساتھ نباہ نہ ہو۔ ان بزرگ نے پانی پڑھ کر دیا ۔ گیارہ دن پینے سے کمر کا درد بالکل ختم ہو گیا ۔ ڈر، خوف بھی جاتا رہا ہے مگر وقتاً فوقتاً خواب میں آگ دیکھتی ہوں۔ اور یہ بھی کہ اس میں جل جاؤں گی۔ آنکھ سے بچنے کے لئے خواب میں ہی آیۃ الکرسی پڑھتی ہوں۔

اس کے علاوہ بار بار ایسا لگتا ہے کہ کوئی بھاری وجود میرے پاس آگیا ہے۔ کبھی لگتا ہے کہ آ کر بستر پر لیٹ گیا ہے۔ کبھی لگتا ہے بستر پر ہاتھ رکھ کر مجھ پر جھکا ہوا ہے ۔کبھی لگتا ہے بستر پر ایک طرف سے چڑھ کر میرے اوپر سے گزر کر دوسری طرف اتر گیاہے۔ اس وجود کی موجودگی میری سوتی جاگتی حالت میں ہوتی ہے ۔ اور میرا جسم شل ہوتا ہے ۔ حد یہ ہے کہ آنکھیں کھول کر دیکھنا چاہوں تو بھی آنکھیں نہیں کھلتی ہیں۔ یہ سب کچھ پچھلے رمضان سے شروع ہوا اور اب تک ہو رہا ہے ۔جس کی وجہ سے مجھے خاصی پریشانی ہے ۔ میں پانچ وقت کی نمازی ہوں ۔ایک خاص بات یہ کہ اس حالت میں کچھ پڑھنا چاہوں تو بھی مشکل ہوتی ہے۔ مگر کلمہ طیبہ ، آیۃ الکرسی اور کچھ نہ پڑھ سکوں تو بسم اللہ شریف ہی پڑھتی رہتی ہوں اور جب کچھ پڑھتی ہوں تو بوجھ اتر جاتا ہے۔ بوجھ میرے جسم پر نہیں ہوتا بلکہ میرے آس پاس بستر پر محسوس ہوتا ہے کبھی اس طرح کے جیسے کوئی برابر میں آ کر لیٹ گیا ہے۔ کبھی اس طرح کے کوئی بائیں طرف سے پلنگ پر چڑھ کر میرے اوپر سے پھلانگ کر دوسری طرف گیا۔ اور پلنگ سے اتر گیا ہو۔ محترم ! میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ یہ سب کیا ہے اور مجھے کیا کرنا چاہیٔے۔

تعبیر: خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے خون میں مٹھاس کی نسبت نمک کی مقدار بڑھ گئی ہے اور جب ایسا ہو جاتا ہے تو طبعی طور پر خون گاڑھا ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں علاوہ دوسری بیماریوں کے ہائی بلڈ پریشر بھی ہو سکتا ہے۔ اگر کوئی بندہ عملیات میں دلچسپی رکھتا ہو اور اعتدال سے زیادہ مذہبی ہو تو خون میں نمک کی زیادتی سے شعور مغلوب ہونے لگتا ہے۔ شعور کے مغلوب ہونے سے فضا میں موجود ماورائی مخلوق جن میں جنات بھی شامل ہیں شعور کے اوپر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جنات میں یہ افراد وہ ہوتے ہیں جو شیطانی مشن میں کارندوں کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

جنات کی تخلیق میں آگ کا عنصر غالب ہے۔ آگ کا شعلہ اور آس پاس کسی سایہ کی موجودگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی جن آپ کے وجود میں دلچسپی لینے لگا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ جن، یہ بھوت، سایہ، آسیب براعظم ایشیا کی تخلیقی اور اختراع ہیں ۔ چکنی چمڑی والوں کو یہ مخلوق کیوں پریشان نہیں کرتی؟ ایسا نہیں ہے میں برطانیہ میں چار ماہ رہ کر آیا ہوں۔ وہاں بھی یہ سب کچھ موجود ہے ۔قانون اپنی جگہ قانون ہے۔ خون میں نمک کی مقدار زیادہ ہو جانے سے یورپ میں بھی ہائی بلڈ پریشر اور دماغی امراض پیدا ہوتے ہیں فرق یہ ہے کہ وہ میڈیکل سائنس میں ترقی یافتہ ہیں اور ان کے یہاں مریضوں کو دیکھ بھال کا مؤثر اور فعال نظام ہے ۔ایسے مریضوں کے علاج کی غرض سے اسپتال بنے ہوتے ہیں۔ وہاں مریض عالموں اور پیروں کے رحم و کرم پر نہیں ہوتے۔ ان کا طبعی نقطۂ نظر سے علاج ہوتا ہے اور خون میں نمک کی مقدار اعتدال پر آ جاتی ہے۔

اب سے نو سال پہلے میں نے ایک کتاب ’’روحانی علاج ‘‘لکھی تھی جو آج اتنی مقبول ہے کہ گھر گھر میں موجود ہے۔ اس کتاب میں آسیب کے علاج کے ضمن میں لکھا گیا ہے کہ جنات کا نظر آنا، آسیب کا مسلط ہونا، نمک کی زیادتی سے ہوتا ہے۔ نمک ترک کر دینے کے بعد جب خون میں اعتدال آجاتا ہے تو یہ سب چیزیں نظر آنا بند ہو جاتی ہیں۔

میڈیکل سائنس میں اس قسم کے امراض کے علاج میں خواب آوراور مسکن دوائیں استعمال کرائی جاتی ہیں ۔نیند میں چونکہ لاشعور متحرک ہو جاتا ہے اور شعور کو آرام ملنے سے تقویت مل جاتی ہے اس لئے از خود خون کے اندر غیر متوازن انرجی متوازن ہو کر دماغ کے ان خلیوں کو فیڈ کرتی ہے جن کے اوپر اعصابی نظام اور دماغ کی صحت کو صحیح رکھنے کی ذمہ داری ہے۔

آپ کو چاہیٔے کہ روحانی علاج کے مطابق آسیب کا علاج کریں اور نمک سے پرہیز کریں۔ روزانہ دن میں تین وقت ایک بڑا چمچہ شہد کھائیں۔ آسیب خود بخود دفع ہو جائے گا۔

عامل حضرات کے چکر میں نہ پڑیں۔ ابھی ایک صاحب میرے پاس آئے کہ فلاں عامل صاحب نے تعویذ لکھنے کے لئے ایک تولہ مشک منگوایا ہے وہ کہتے ہیں کہ مشک سے لکھے ہوئے تعویذ سے سارے مسائل حل ہو جاتے ہیں۔

میں نے ان سے عرض کیا عامل صاحب صحیح کہتے ہیں۔ آپ کا مسئلہ حل ہو یا نہ ہو، عامل صاحب کے مسائل ضرور حل ہو جائیں گے کیونکہ ایک تولہ مشک کی قیمت تین ہزار روپیہ ہے۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (دسمبر 84 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.