Topics

خواب کی قسمیں


مہرین، کراچی:بہن کے ساتھ انجان جگہ گئی۔ راستے میں انجانی مخلوق ملتی ہے جو مجھے تنگ کرتی ہے لیکن میری بہن کو نہیں۔ میں چلنے کی بجائے دوڑنے لگی ۔ تھوڑی دیر میں ایک بزرگ کی زیارت ہوئی۔ ان کو دیکھ کر رک گئی اور سلام کیا۔ انہوں نے جواب دیا اور ساتھ ہی کئی لوگ وہاں آگئے۔ اس کے بعد دیکھا کہ حضور قلندر بابا اولیاؒ کے عرس کی تقریب میں شریک ہوں، منقبت پڑھنے کی کوشش کی مگر پڑھ نہ سکی۔  

تعبیر :اندرونی کیفیات کے نقوش خواب میں ظاہر ہوتے ہیں ۔یہ دنیا طلسم کد ہ ہے۔ جب ہم دیکھنے کے عمل پر غور کرتے ہیں تو دیکھنے کی کئی طرزیں ہمارے تجربے میں ظاہر ہوتی ہیں ۔

۱۔ پیاس لگتی ہے ۔ ہم پیاس اس وقت محسوس کرتے ہیں جب پیاس کا خاکہ یعنی دماغ کے اندر اسکرین پر پانی کا Negativeظاہر ہوتا ہے ۔ پیاس کی شدت سے پہلے ہونٹ خشک ہوتے ہیں پھر حلق میں لگتا ہے کہ کانٹے پڑ گئے ہیں۔ پیاس کی شبیہ جب رنگ لاتی ہے تو پانی کا مظاہرہ گلاس یا کٹورے کی شکل میں ہوتا ہے ۔ پیاسی جان میں تراوٹ آتی ہے تو اس کو آدمی پانی پینے کا نام دے دیتا ہے ۔

۲۔ دیکھنے کے میکانزم کی بھی یہی صورت ہے۔جب تک شے کا خیال نہ آئے، دماغ کے کیمرے کے لینس پر شے کی تصویر نہ بنے ، شے ہونے کے باوجود دیکھنے والے کے لئے عدم موجود ہے ۔

زندگی کا ہر روپ دراصل بہروپ ہے۔ اطلاع جب تصویر کی شکل میں نظر آتی ہے تو اس کے رخ متعین ہیں ۔کبھی دماغ کی اسکرین پر خوف، ڈر، ناامیدی، لالچ اور سخاوت کی تصویریں نظر آتی ہیں اورکبھی خواب میں نظر آتا ہےکہ خواب دیکھنے والا فرد دوسرے فرد کا خون پی رہا ہے ۔ اس کا تمثل غیبت ہے۔ کوئی دیکھتا ہے کہ اس کا ہاتھ کٹ گیا ہے یا کوئی عضو معطل ہو گیا ہے ۔ اس کی تعبیر یہ ہوگی کہ خواب دیکھنے والا شخص ذہن چوری کرتا ہے۔

 جب دماغ کی اسکرین پر لاشعور سے شعور      میں منتقل ہونے والی حرکات و سکنات اسکرین پر ظاہر ہوتی ہیں تو طرز فکر کے مطابق دو روپ اختیار کرتی ہیں ۔

۱۔ بدپرہیزی یا ماحول کی ناپاکی کا منظر ہو تو بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

۲۔ جب خواب دیکھنے والا فرد خود کو مطمئن دیکھتا ہے، خوش دیکھتا ہے، ڈر اور خوف کے سائے اس پر نہیں منڈلاتے تو وہ ہر حال میں اﷲ کو حاضر و ناظر جان کر ایسے اعمال کرتا ہے جو ضمیر کو مطمئن رکھتے ہیں ۔

اگر خواب میں دیکھے ہو ئے حالات و واقعات میں خلفشار ہے تو ایسے خوابوں کو رویائے کاذبہ کہتے ہیں اور جن خوابوں میں یقین کی روشنی شامل ہوتی ہے، وہ  رویائے صادقہ کہلاتے ہیں ۔

آپ کا خواب اچھا ہے ، بزرگ کی زیارت اور منقبت پڑھنے کے شوق کا مطلب ہے کہ آپ کا ذہن اچھا ہے۔ اﷲ تعالیٰ آپ کو مزید خوشی عطا فرمائے۔آمین ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (جون 2023ء) 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.