Topics

سیڑھیاں ٹوٹی ہوئی دیکھنا


یقین فاطمہ، کراچی۔ ایک دوست کے ساتھ شاپنگ مال میں موجود ہوں۔ کہتی ہوں واپس چلتے ہیں، اس جگہ اندھیرا بہت ہے،سیڑھیوں پر بھی اندھیرا ہے ۔ ہم چڑھتے جارہے ہیں، دوست آگے چل رہی ہے، میں کہتی ہوں کہ رک جاؤمیرے ساتھ رہو مگر وہ رکتی نہیں۔ پھر ٹوٹی ہوئی سیڑھیاں آتی ہیں مجھے خوف محسوس ہوتا ہے کہیں گر نہ جاؤں۔ سیڑھیاں چڑھنا شروع کرتی ہوں تو ایک ٹوٹی سیڑھی سے پاؤں اندر چلا جاتا ہے اور نکل جاتا ہے۔ پھر دیکھا گھر میں کھڑی ہوں، کسی آدمی نے ہوا میں گولی چلادی جس سے ایک چڑیا زخمی ہوجاتی ہے اور دو پرندے کھاجاتے ہیں۔ میں افسوس کرتی ہوں۔ مجھے ایسے خواب بھی نظر آتے ہیں کہ بہت اونچائی پر چلی گئی اور واپس آتے ہوئے ڈر لگتا ہے۔

 

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ خواب دیکھنے والی ہوائی قلعے بہت بناتی ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہم نے بچپن میں اماں سے ایک کہانی سنی تھی، کہانی یہ ہے:

شیخ صاحب کو مزدوری ملی یہ کہ برتنوں کا ٹوکرا سر پر اٹھاکر گھر پہنچادیا جائے، اجرت ملے گی۔شیخ جی نے ہوائی کھچڑی پکانی شروع کی۔ مزدوری میں جو پیسے ملیں گے ان سے ایک بطخ خریدوں گا۔ بطخ انڈے دے گی۔ انڈوں میں سے بہت سارے بچے نکلیں گے۔ جب وہ بطخیں بڑی ہوجائیں گی تو انہیں فروخت کرکے بکری خریدلوں گا۔ جب بکریوں کا ریوڑہوجائے گا تو انہیں بازار میں فروخت کرکے بھینس کا باڑا خرید لوں گا اور دودھ کی سپلائی شروع ہوجائے گی۔ اتنے پیسے مل جائیں گے کہ میں دکان کھولوں گا ۔ سیل (Sale)ہوگی بہت پیسے جمع ہوں گے تو گھر بناؤں گا۔گھر بن جائے گا تو شادی بھی ہوجائے گی۔

 اللہ میاں بیٹے بیٹیاں عطا کریں گے۔ بیوی بہت محبت کرنے والی ہوگی تو یہ دیکھنے کے لئے کہ بیوی بچے میرا کتنا خیال رکھتے ہیں میں کھانا نہیں کھاؤں گا۔ بیگم پریشان ہوگی کہ کھانا کیوں نہیں کھاتے، بہرحال میں کھانا نہیں کھاؤں گا۔ چھوٹی بیٹی جس سے میں محبت کرتا ہوں، آئے گی اور کہے گی کہ ابا کھانا کھالو۔ میں بولوں گا مجھے بھوک نہیں ہے۔ وہ میرے گلے میں بانہیں ڈال دے گی اور کہے گی میں بھی نہیں کھاتی، آؤ کھانا کھائیں۔ میں اس کو غصہ سے منع کروں گا&یہ خیال ہی نہیں رہا کہ سر پر ٹوکرا ہے ، ٹوکرا گرگیا اور برتن ٹوٹ گئے۔ برتن والا کہنے لگا تم نے میرا بہت نقصان کردیا ۔تم کو پتا ہے یہ کتنے قیمتی برتن تھے؟ شیخ صاحب نے جواب دیا تمہارے تو برتن ہی گرے میرا تو بسابسایا گھر ختم ہوگیا، نہ بیوی رہی نہ بچے، نہ کاروبار۔ خواب میں ہوائی قلعے بنا ئے گئے ہیں ۔ ہوا تیز چلی ، گردن ہلی & ٹوکرا گر گیا ۔ یہی خواب کی تعبیر ہے ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (اگست                 2016ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.