Topics

دل میں اللہ لکھاہوا دیکھنا


شمیم جہاں، حیدرآباد۔ خواب دیکھا کسی مسئلہ میں لوگ الجھ رہے ہیں ان سے مخاطب ہوکر کہتی ہوں ایمان ہمارے دلوں میں داخل نہیں ہوا ہے۔ اگر ایمان دل میں ہوگا تو ہر طرف اللہ ہی اللہ نظر آئے گا دائیں بائیں، ظاہر باطن اللہ ہی اللہ ہے۔ محسوس ہوا کہ چاندی کے رنگ سے دل میں اللہ لکھاہواہے۔

دیکھا عبایا اور چپل گم ہوگئے ہیں پریشان ہوکر  ڈھونڈ رہی ہوںبڑی مشکل سے چپل ملی۔ اکثر خواب میں بچے نظر آتے ہیں۔

 

تعبیر: الحمد للہ خواب بہت اچھا ہے۔خواب سب کو آتے ہیں شجر، حجر، حیوانات، ہر ذی روح اور غیر ذی روح سمجھی جانے والی مخلوقات کو بھی آتے ہیں۔ بھوک پیاس لگنا، مٹھاس کی اشتہا، نمکین چیزوں کا شوق، رنگ رنگ پھلوں کا ذائقہ، سوناجاگنا، شادی، اولاد کی خواہش، نیند اور بیداری، یہ سب خیالات کی قسمیں یا خیالات کے نام ہیں۔ خیال آئے بغیر کوئی سو نہیں سکتا۔ خیال آئے بغیر کوئی کھانا نہیں کھاتا، پانی نہیں پیتا۔ اگر آپ زندگی کا تجزیہ کریں تو زندگی نام ہی خیالات کا ہے یا خیال زندگی ہے۔ پیر مغاں غالب ارشاد فرماتے ہیں:

ہستی کے مت فریب میں آجائیو اسد
عالم تمام حلقۂ دام خیال ہے

بہت محترم اور پیارے قارئین سے التماس ہے اپنی اپنی زندگی کی چھان پھٹک کیجئے اور بتائیے کہ زندگی چالیس ، ساٹھ یا سو سال کی ہو بندہ بشر خیال آئے بغیر کوئی کام کرسکتا ہے؟ بزرگو!  سوال یہ بھی ہے کہ خیال کی تعریف کیا ہے؟

بہت شکریہ کے ساتھ قارئین کرام کی تحریری کاوش کو ’’ماہنامہ قلندر شعور ‘‘ میں شامل کیا جائے گا۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (دسمبر             2015ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.