Topics

نور کا ہالہ نظر آیا


 صائمہ تصور، راول پنڈی۔ جب سے عرس کی تقریب سے واپس آئی ہوں دل وہیں چھوڑ آئی ہوں۔ گزشتہ سال سے قلندر شعور کا مطالعہ شروع کیا، الحمدللہ دل میں مرشد کی محبت جاگزیں ہوگئی اور اللہ تعالیٰ نے میرے لیے حاضری کے وسیلے بنادیے۔گو کہ آپ سے ملاقات نہ ہوسکی مگر آپ کی ایک نظر میرے لئے کافی ہے۔ دعا ہے کہ ذات کا عرفان اور معرفتِ الٰہی کے در مجھ پر کھلیں،آمین۔مرحومہ والدہ کا ایک شعر نذر ہے

 ماں نے پالا جان کو ، روح آپ کی پروردہ ہے

میرے عزائم میں جھلک یہ آپ کی درپردہ ہے

 خواب پیش کررہی ہوں، تعبیر بتاکر ممنون کیجیے۔

دیکھا کوئی کہہ رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے ایک باوضو فرشتہ مقرر کردیا۔ پھر آواز آئی ابراہیم بن ادھم کے طریقہ پر غور کرو۔پھر کچھ انڈے نظر آئے دو دیسی، بڑے اور چمک دار ہیں۔ باقی فارمی ہیں جن کی تعداد یاد نہیں۔ پھر نور کا ہالہ نظر آیا جس میں سے ایک اور نور نکل رہا ہے۔ کسی نے کہا، یہ اللہ کا نور ہے اور اس نورسے نکل رہا ہے ، نبیؐ   کانور ہے۔

 

تعبیر: الحمد للہ خواب مبارک ہیں۔ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ میں اللہ کے فضل و کرم سے روحانی صلاحیتیں اتنی ہیں کہ اگر روحانی علوم کی تدریس کی جائے، پریکٹیکل اور تھیوری، تو ترقی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ اور سیدنا حضور ؐ کی محبت و عنایت سے روحانی علوم سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے، نماز دل لگاکر پڑھا کریں۔ نماز میں جو تسبیحات اور چھوٹی سورتیں پڑھی جاتی ہیں ان کا ترجمہ یاد ہونا چاہیے۔ انشاء اللہ چالیس نمازیں اس طرح ادا کرنے سے ذہن میں ایک دریچہ کھلے گا۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (اکتوبر               2016ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.