Topics

بیٹی کی شادی کے لیے دعا


سدرہ مشتاق، کوٹلی۔ ایک بڑے صاحب کوٹلی اڈہ پرکھڑے ہیں۔ ہمارے ساتھ گھر تشریف لاکر بڑی بہن کاپوچھتے ہیں۔ عرض کرتی ہوں کہ وہ امید سے ہیں۔ وہ صاحب جانے لگتے ہیں توہم ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ امی کہتی ہیں کہ میری اس بیٹی کی شادی کے لیے دعا کیجئے۔ وہ پوچھتے ہیں کتنے دن ہوئے۔ امی کہتی ہیں کہ بہتر ّ دن ہوگئے ہیں رشتہ طے نہیں ہوا۔اتنی دیر میں ہم ایک رشتہ دار کے گھر تک پہنچ گئے۔

 

تعبیر: خواب منفی خیالات کی فلم ہے ۔ جب عقیدہ  کم زورہوجاتا ہے تو دماغ میں منفی خیالات کا ہجوم رہتا ہے ۔ موجودہ صورت حال یہ ہے کہ جب حسب منشا  کوئی کام نہیں ہوتا،اس میں مسلسل تاخیر ہوتی ہے تو ہم عامل کے پاس جاتے ہیں ۔ عامل کے پاس ایک بہت بڑا گر ُہے ۔ وہ گر ُ یہ ہے کہ تمہارے اوپر اثر ہے ، تمہارے اوپر کالا جادوکرایا گیا ہے۔ جب کہ ہم نے آج تک نہیں سناسفید جادو کیا ہوتا ہے ۔ پاکستان بننے سے پہلے جادو ٹونا ،سفلی ،کالا علم سننے میں تو آتے تھے لیکن موجودہ صورت حال ایسی ہے کہ اگر کسی مریض کو بتایا جائے  کہ جادو نہیں ہے تو وہ یقین ہی نہیں کرتا ۔جادو ٹونے کو  ختم کرنے کے لئے عامل حضرات نے دکانیں کھول رکھی ہیں۔ وہاں حاضرین کی تعداد میں خواتین زیادہ ہوتی تھیں اب خواتین کے ساتھ مرد حضرات بھی ان چکروںمیں پڑ گئے ہیں۔ متاثر حضرات و خواتین کہتے ہیں کہ فلاں نے ہمارے اوپر کالا جادو یا جادو کرادیا، کوئی کہتا ہے سفلی کرادیا ہے ۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کیا اس شخص اور آپ کی دشمنی ہے ؟ جواب ملتا ہے نہیں ۔  کوئی جائیداد کا معاملہ ہے ؟ نہیں ۔ جب اس شخص سے واسطہ اور تعلق نہیں ہے تو اسے کیا ضرورت پڑی ہے کہ آپ کے اوپر جادو کرائے۔

 دوسری بات بہت غور طلب ہے کہ جادو ٹونااتارنے والے اور کرنے والے دکانیں سجائے بیٹھے ہیں ۔ ایک صاحب جو معزز عہدہ پر فائز تھے تشریف لائے ۔ انہوں نے بیگم صاحبہ کی بیماری سے متعلق شکایت کی ۔ میں نے پوچھاکہ آپ نے ڈاکٹر کو دکھایا ہے ؟ وہ بولے ،دکھایا تھا فائدہ نہیں ہوا ۔پوچھا، پھر آپ نے کیا کیا ؟ وہ صاحب بولے، میں فلاں عامل کے پاس بیگم صاحبہ کو لے کر گیا تھا انہوں نے کچھ پڑھا، تھوڑی دیر آنکھیں بند کیںاور کہا بہت زبر دست ہے ۔ میں نے کہا کیا زبردست ہے؟ کہا آسیب ہے، نظر ہے۔ پوچھاکالا علم کس نے کرایا ہے؟ کہا یہ تو معلوم نہیں لیکن عامل لوگ کہتے ہیںاثرہے ۔ علاج یہ تجویزہوا کہ دو خوب صورت صحت مند بکرے چاہئیں ، ان کو ذبح کرکے’’ اثرات‘‘ کو دیا جائے گا ۔ دو بکروں کے پیسے دے دئیے گئے ، پیسے نہیں بڑے نوٹ دے دئیے گئے اور کہا کہ تین دن کے بعد آئیے ، آپ کی بیگم بالکل ٹھیک ہوجائیں گی ۔ صاحب معاملہ نے بتایا کہ میں تیسرے دن گیاتو مجھے بتایا گیا کہ بڑا زبردست آسیب تھا ہم نے بکرے ذبح کئے اور اس کو دیگ میں ڈال دیا ۔ تھوڑی دیر میں دیکھا کہ دونوں بکرے غائب ہوگئے ، وہاں کچھ نہیں تھا ۔ اب آپ کی بیگم بالکل اچھی ہوجائیں گی اس لئے آسیب کو بھینٹ دے دی گئی ۔

مختصر یہ کہ عامل صاحب نے دو بکرے بھی لے لیے اور نذرانہ بھی لیکن بیگم صاحبہ ٹھیک نہیں ہوئیں ۔ سب سے اچھا طریقہ یہ کہ جب اس قسم کا وسوسہ آئے کہ جادو کرادیا، سفلی کرادیا &مریض خود چاروں قل پڑھے ، پانی پر دم کرے اور شمال رخ کر کے پی لے ۔ اس عمل  کو یقین کے ساتھ گیارہ دن کرے، انشاء اللہ آسیب  کا اثر ختم ہوجائے گا ۔ جو عمل یقین کے ساتھ کیا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ شفا عطا فرماتے ہیں ۔ 

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (دسمبر                      2017ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.