Topics

چچا نے میرے ہاتھ میں سوراخ کر دیئے


غلام بشیر۔  میں نے بحالت خواب خود کو چھوٹے دادا کی دکان میں موجود پایا۔ دکان میں میرے چھوٹے چچا بھی ہیں ۔ انہوں نے مجھے بازوں سے پکڑ کر برمے سے میرے دائیں ہاتھ کے گٹے میں دو سوراخ کر دئیے۔ اس کے بعد بائیں ہاتھ کے گٹے میں ایک سوراخ کیا ۔ جس وقت یہ بہیمانہ حرکت کی جا رہی تھی میں نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔ اس کے بعد بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو دیگچی میں خون دیتا ہے کہ ان سوراخوں میں بھر دیا جائے ۔ ان میں سے ایک کہتا ہے کہ خون ابھی گرم ہے۔ ذرا ٹھنڈا ہو لینے دو ۔ میں تھوڑی دیر کے بعد دکان سے باہر آ جاتا ہوں ۔ کچھ دور جا کر واپس آتا ہوں لیکن میرے ان سوراخوں میں کوئی بھی خون نہیں ڈالتا۔

تعبیر: آپ کا اعصابی نظام متاثر ہے ۔ پورے خواب میں نمک کی۔ تیزمسالوں کی اور زیادہ چکنائی کی تمثالیں پائی جاتی ہیں۔ان چیزوں کا استعمال بعض اوقات کم اور بعض اوقات زیادہ ہوا ہے۔ اس عادت کا مدت سے اعادہ ہو رہا ہے اعصابی نظام بار بار متاثر ہوتا ہے اور دماغ کو مطلع کرتا ہے ۔ کبھی خوابوں کے ذریعے کبھی توہمات اور خیالات کے ذریعہ۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ بیٹھے بیٹھے غنودگی ہوئی اور فلم سامنے سے گزر گئی ۔ یہ فلم خطرات اور ہیبت سے متعلق ہوتی ہے طبیعت پر خوف طاری ہو جاتا ہے اس سے صحت پر بڑا اثر پڑتا ہے اور کاموں میں خلل واقع ہو جاتا ہے۔

میرا مشورہ ہے کہ نمک مسالے اور چکنائی کے استعمال میں توازن اور تناسب قائم رکھنا بہت ضروری ہے ۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ ایک دم کمی کر دینا مناسب نہیں ہے۔ آہستہ آہستہ کمی کر کے بعد میں اعتدال کی حد میں ان چیزوں کا استعمال آپ کے لئے مفید ہے۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (دسمبر 86 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.