Topics

ماورائی انگلیاں


محمد علی، ٹنڈوالہ یار۔ بعد سلام کے خدمتِ اقدس میں عرض ہے کہ میں ایک عجیب و غریب مرض کا شکار ہوں ۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا یہ کوئی مرض ہے یا کوئی روحانی صلاحیت ہے ۔ خواب دیکھا کہ میں میدان میں ہوں ایک دیوار پر کچھ سکے لکھے ہوئے ہیں وہ سکے اٹھا کر نگل لیتا ہوں۔ اسی وقت ایک آواز آتی جس کا پہلا جملہ مجھے یاد نہیں رہا ،البتہ جملہ کا دوسرا ٹکڑا مجھے یاد ہے وہ یہ تھا’’ اب گردن کٹے گی۔

اسی ہفتے کے دوران ایک اور خواب دیکھا کہ میرے گھر میں بلب جل رہے ہیں خوب روشنی ہو رہی ہے اور میری بیوی موجود ہیں۔ اچانک گھر کے صحن میں آسمان سے سفید مگر میلے سے کپڑے لئے ہوئے ایک عورت آتی ہے عورت مشرق سے گھر کے صحن میں آتی ہے کبھی نظر آتی ہے کبھی غائب ہو جاتی ہے ۔مشرق سے مغرب کی طرف جاتی ہے مغرب سے اترتی ہے تو مشرق کی طرف جاتی ہے۔میں اپنی بیوی کو اندر والے کمرے میں لے جا کر بیٹھا دیتا ہوں اور اس سے کہتا ہوں’’ یہی ہے نا جو تمہیں پریشان کرتی ہے ‘‘۔

اس کے بعد گھر کے بیچ والے کمرے میں آکر بیٹھتا ہوں اور آیۃ الکرسی پڑھنا شروع کر دیتا ہوں۔ آیۃ الکرسی پڑھتا چلا جاتا ہے حتیٰ کہ آیۃ الکرسی کے بعد کی آیات بھی پرھتا چلا جاتا ہوں مگر وہ عورت گھر میں سے نہیں جاتی بلکہ ایک نیا راستہ بدل کر میرے پیچھے آتی ہے اور پیچھے سے میرے سر سے ٹوپی کھسکا کر اپنے ہاتھ کی ا نگلیاں میرے بالوں میں پھیرنے لگی ہے میں سر میں گدگدی محسوس کرتا ہوں اس کے بعد اکثر میں نے جیتے جاگتے انگلیوں کا لمس محسوس کیا اور ایک انگلی بائیں جانب پیشانی میں گھومی تو مجھ پر نروس ڈاؤن کا دورہ پڑگیا ۔دوسری مرتبہ گھومی تو پھر نرو س بریک ڈاون ہوگیا ۔

اکثر سوتے وقت آنکھیں بند کرتا ہوں تو چونیاں اٹھنّیاں صاف نظر آتی ہیں ۔ اور اسی وقت گردن میں کوئی سخت چیز حرکت کرتی ہوئی محسوس ہوتی ہے اور درد ہوتا ہے۔ مزید برآں یہ کہ مجھے اپنے چہرے کے بدلنے کا احساس ہوتا ہے۔ یعنی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میرا چہرہ مختلف اوقات میں مختلف لوگوں جیسا ہو جاتا ہے جس شخص کا دھیان ہوتا ہے مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ میرا چہرہ اسی شخص کے چہرے جیسے ہوگیا ہے۔ یہ صرف ایک احساس ہے آپ کے کہنے پر نیلے رنگ کی روشنی میں لیٹتا ہوں جس سے میرے دوسرے امراض کو فائدہ مگر چہرے کی تبدیلی کا احساس نیا ہے ۔

تعبیر: کوئی ایسا وظیفہ پڑھا گیا جس کے موکل ہوتے ہیں۔ اس کی تکمیل نہیں ہوسکی لیکن اس حد تک پڑھ لیا گیا ہے کہ کل وظیفہ کے موکل متوجہ ہوگئے تھے اب یہ ایک مرض بن گیا ہے اور اس کا علاج وہی ہے جو آپ رنگ روشنی کے طریقے پرکر رہے ہیں۔ علاج جاری رکھیئے۔ چہرے کی تبدیلی کا احساس بھی خود بخود زائل ہو جائے گا۔ میٹھی چیزیں زیادہ کھائیں۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (اکتوبر 82 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.