Topics

اعمال کا حساب


روبی اقبال ، لاہور۔ میں اکثر آپ کا روحانی ڈائجسٹ پڑھتی ہوں اور آج آپ کو پہلی دفعہ خط لکھ رہی ہوں ۔ وہ اس لئے کہ ۱۹۸۲ءسال کے شروع میں جب کہ شاید نو روز تھا میں اپنے ما موں کے گھر میں سوئی ہوئی تھی ۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ آسمان کے اوپر قرآنی آیت کی سطر لکھی جا رہی ہے اور وہ گزرتی جارہی ہے اور پھر اس کے بعد خالی آسمان پر صرف ’’ڈ‘‘ لکھا ہے اور وہ کافی دیر تک رہا اور پھر غیبی آواز آئی کہ آج اگر غم ہے تو وہ تمہیں خوشی بھی دے گا اور میں ایک دم اٹھ جا تی ہوں ۔  میں نے کافی لوگوں سے اس کا مطلب پو چھا تو انہوں نے کہا کہ تم نے ’’ڈ‘‘ دیکھا ہو گا ۔ ’’ڈ‘‘ تو قرآن شریف میں ہوتا ہی نہیں ہے ۔ اب آپ ہی مجھے اس کا مطلب بتا سکتے ہیں لیکن ابھی تک یہ سال پر یشانیوں ہی کا ہے ۔

دوسرا خواب میں نے ماہ ِ رمضان میں لیلۃ القدر کی رات دیکھا کہ میری بہن اور میری امی کسی گھر کے بر آمدے میں کھڑی ہیں ۔میں آسمان کے نیچے آجاتی ہوں تو نور کا ایک ایک قطرہ بہت موٹا ہوتا ہے ۔ ایک قطرہ میرے دل کے قریب پڑتا ہے اور مجھے احساس ہوتا ہے کہ جیسے وہ قطرہ میرے دل کے اندر چلا گیا ہو ۔ ایسے لگتا ہے جیسے اس نور میں ہلکا سا کرنٹ بھی ہے اور پھر پانی کی تیز بارش بھی شروع ہوجاتی ہے ۔ میری امی بر آمدے میں کھڑی مجھے آوازیں دے رہی ہیں کہ اندر آجاؤ۔ میں سیدھا بھاگنا چاہتی ہوں لیکن سیدھا نہیں بھاگ سکتی ۔ ترچھا بھاگتی ہوں تو آسانی سے برآمدے میں پہنچ جاتی ہوں اور پھر کسی ٹانگے میں بیٹھ کر ہم گھر واپس آجاتے ہیں ۔ اچانک میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ میں نے محسوس کیا جیسے میں ایک قبر میں لیٹی ہوں اور میرے پاس ڈھانچے ہیں اور میرے سرہانے دو فرشتے کھڑے ہیں اور دوپاؤں کی طرف ہیں ۔ اور باقی فرشتے میرے دائیں بائیں کھڑے ہیں اور مجھ سے کہہ رہے ہیں چلو خدا نے تمہیں یاد کیا ہے ۔ تمہارے اعمال کا حساب ہوگا ۔ اور میں خوف کی وجہ سے جانا نہیں چاہتی لیکن وہ مجھے زبر دستی پکڑ کر لے جا تے ہیں ۔ مجھے احساس ہوا جیسے میں ان کے ساتھ کھڑکی سے باہر آسمان کی طرف جارہی ہوں ۔ پھر احساس ہوا کوئی کہہ رہا ہے اٹھو نماز قائم کرو۔ تم صرف ایک سال اور زندہ رہو گی ۔ میرے اوپر خوف اور دہشت کی ایک کیفیت طاری ہوجاتی ہے اور میں ڈر کر وقت دیکھتی ہوں تو رات کے دو بجے تھے میں نے سوچا فجر کی نماز ادا کروں لیکن پھر خیال آیا کہ وقت ابھی نہیں ہوااور پھر سوگئی اور فجر کی نماز قضا ہوگئی ۔

 تعبیر : خواب بہت ہے ۔ آپ کی روح نے آپ کو اس طرف متوجہ کیا ہے کہ آپ باقاعدگی کے ساتھ مراقبہ کیا کریں ۔ روحانی صلاحیتوں کو بیدار کرکے شعوری سطح پر لانے کے لئے ایک ہی آسان طریقہ ہے کہ پابندی اور یکسوئی کے ساتھ مراقبہ کیا جائے ۔ خواب میں یہ بات بھی واضح طور پر بتائی گئی ہے کہ پریشانی کا دور عنقریب ختم ہوجائے گااور حالات بہت اچھے ہوجائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمت درویش اور توفیق عطاکریں ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (ستمبر 78ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.