Topics

سمندر میں اونچی عمارت دیکھنا


نام شائع نہ کریں— میرپور خاص۔گھر میں داخل ہوتے ہی دیکھا کہ ایک بزرگ میرے لئے دودھ لائے ہیں جومیز پر ہے۔ گھر میں بزرگ کی موجودگی سے بہت خوشی ہوئی اور سوچا کہ فلاں شخص نے بتایا نہیں اوربزرگ کو میرے گھر لے آئے۔

پھر دیکھا کہ بڑی بہن کے ساتھ جارہی ہوں، وہاں گندگی دیکھ کر میں بہن کی گود میں چڑھ گئی کہ اتنے گندے راستہ پر نہیں جاؤ ں گی۔

منظر بدلا اور کسی گھر میں اکیلی داخل ہوئی۔ جن صاحب سے ملنا تھا ان کی بیگم صاحبہ موجود تھیں۔ انتظار گاہ میں باہر والے دروازہ کے بیچ میں کھڑے ہوکر دیکھا تو حد نگاہ تک سمندر تھا، جہاں جہاں نگاہ گئی سمندر آسمان سے ملا نظر آیا،وہ عمارت سمندر کے بیچ میں ہے جس کی دیواروں سے سمندر کی لہریں ٹکرارہی ہیں۔احساس ہوا کہ جس جگہ کھڑی ہوں وہ سمندر کا سب سے گہرا حصہ ہے۔ پھر وہ صاحب نظر آئے جن سے ملنے گئی ہوں، وہ تو اللہ کے دوست ہیں۔

 

تعبیر: خواب میں بتایا گیا ہے کہ آدمی سمندر سے بھی زیادہ گہرا ہے۔ سمندر میں اونچی عمارت دیکھنا ظاہر کرتاہے خواب دیکھنے والی خاتون کے اندر روحانی علوم سیکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اپنے مرشد کریم کے تجویز کردہ اسباق پر پابندی سے عمل کریں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحیی یاقیوم پڑھتی رہیں۔ کوشش کریں کہ پانچ وقت نماز کی پابندی کریں اور چھوٹی سورتوں کا ترجمہ یاد کرکے نمازمیں پڑھتے وقت ترجمہ ذہن میں دہرائیں۔ پاکیزگی کا بطور خاص خیال رکھیں ۔ خواب مبارک ہے۔ اللہ تعالیٰ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلہ سے کام یابی عطا فرمائے، آمین۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (اگست 2019ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.