Topics

چھت پر ہوا کے دباؤ میں اڑنا


طاہرہ خان ۔ میں نے ایک خواب دیکھا جو میرے لئے باعثِ مسرت بھی ہے اور باعثِ پریشانی بھی ۔ میں اس کی تعبیر جاننے کے لئے پریشان ہوں ۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے انگوٹھے کی طرف دیکھ رہی ہوں۔ انگوٹھا دیکھتے ہوئے مجھے خیال آتا ہے کہ قلندربابا ؒ میرےگھر میں تشریف فرما ہیں ، کیوں نہ انہیں انگوٹھا دکھایا جائے ۔ میں ان کے پاس جاکر انگوٹھا دکھاتی ہوں تو قلندر بابا ؒ فرماتے ہیں ،’’ خدا تمہیں نظر بد سے بچائے۔‘‘ میں یہ سن کر سوچتی ہوں کہ بابا ؒ اس کے بدلے اگر یہ فرماتے کہ خدا تمہیں صحت عطا فرمائے تو زیادہ اچھا ہوتا۔ قلندر بابا ؒ میر ا ذہن پڑھ کر کہتے ہیں کہ اس جملے کا مطلب بھی و ہی ہے پھر منظر بدل جاتا ہے ۔

میں دیکھتی ہوں کہ ایک کمرے میں قلندر باباؒ تشریف فرما ہیں۔ کچھ اور لوگ بھی کمرے میں موجود ہیں۔ میں قلندر باباؒکے قریب بیٹھی ہوں۔ محترم باباؒ فرماتے ہیں کہ میں نے تمہارے لیے دویا(شاید) تین دعائیں کی ہیں۔ اب ایک دعا باقی ہے وہ ایک مہینے بعد کروں گا ۔ اب مجھے کچھ دعائیں پڑھنے کو کہتے ہیں( جو مجھے یاد نہیں) میں یہ سن کر سوچتی ہوں کہ ضرور پریشانی کی بات ہے جبھی بابا صاحبؒ مجھے دعائیں پڑھنے کو کہہ رہے ہیں۔ میں ان سے پوچھتی ہوں کہ پریشانی کی بات تو نہیں؟ وہ فرماتے ہیں ہاں ۔میں کہتی ہوں کہ ہم پانچ میں سے کوئی مر جائے گا( یاد رہے کہ ہم پانچ افراد ہیں۔۔۔۔ امی ،ابا، بھائی، بہن اور میں) بابا صاحب ؒفرماتے ہیں ہاں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تقریباً ایک مہینہ پہلے ایک خواب دیکھا کہ میں چھت میں تخت پر لیٹی ہوں اچانک تیز ہوا چلتی ہے اور میرے اوپر دباؤ پڑتا ہے۔ مجھے خیال آتا ہے کہ چونکہ میں نا پاک چھت پر سوئی تھی اس لئے کوئی جن یا چڑیل میرے اوپر آ گئی ہے۔ اچانک ہوا اور تیز ہوتی ہے اور میں ہوا میں اڑنے لگتی ہوں۔ امی اور ابا مجھے پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں دل ہی دل میں آیۃ الکرسی اور دعائیں پڑھتی ہوں تو ہوا کا دباؤ کم ہوجاتا ہے اور میں واپس تخت پر آ جاتی ہوں۔ وہاں بہن بیٹھی ہوئی ہوتی ہے۔ اچانک میری آنکھ کھل جاتی ہے اور دل زور زور سے دھڑکنے لگتا ہے ۔واضح رہے کہ یہ خواب دیکھتے وقت میں چھت پر تخت پر سوئی تھی اور واقعتی میں ناپاک تھی ۔

 تعبیر: جلدی امراض سے متعلق کوئی بیماری ہے جس پر مناسب علاج اور پرہیز سے نہ ہونے سے موت وارد ہوسکتی ہے۔ دوسری بات یہ بتائی گئی ہے کہ خیالات کے ہجوم میں یہ خیال بہت طاقتور ہے کہ کسی نے کچھ کر ادیا ہے جبکہ خواب کے اجزائے ترکیبی میں ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (دسمبر 79ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.