Topics

حاجیوں کی ریل


عبدالحمید ،کراچی۔ میں اور میرے گھر والے جن میں میرا ایک دوست بھی شامل ہے، ریل گاڑی میں سفر کر رہے ہیں۔ یہ پتہ نہیں کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔ ریل میں بہت رش ہے ۔ میں اپنی والدہ سے کہتا ہوں کہ حاجیوں کے کراچی جانے کی وجہ سے یہ رش ہے۔ کچھ دیر بعد ہم اپنی منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔ والد میرا چھوٹا بھائی اور میں سامان اتارنے میں لگ جاتے ہیں۔ میں، میری والدہ اور میرا دوست آگے بڑھ جاتے ہیں پھر دیکھتا ہوں کہ ہم کسی محلے میں سے گزر رہے ہیں۔وہاں اسپیکر سے یہ اعلان ہو رہا ہے کہ ایک بزرگ جو بہت مشہور ہوتے ہیں کی وفات کا وقت قریب ہے۔ جن لوگوں کو فیض حاصل کرنا ہے وہ فلاں جگہ حاضر ہو جائیں۔ جب ہم وہاں پہنچتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ ایک پیر مرد جن کا رنگ بالکل سرخ زلفیں دراز ہیں۔ قد لمبا ہے ایک تخت پر لیٹے ہیں ان کے ارد گرد بہت سے لوگ جمع ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

جب ہم ان کے قریب پہنچے تووہ اٹھ کر کھڑے ہو گئے اور تمام لوگوں کی طرف دیکھنے لگے پھر اچانک انہوں نے ایک فلک شگاف نعرہ مارا میں نے دیکھا کہ لوگ ان کے لئے طرح طرح کے پھل اور سبزیاں لا لا کر ایک میز پر رکھ رہے ہیں میں نے اپنے دوست سے کہا کہ ہمیں بھی کچھ نذرانہ دینا چاہیے پھر اچانک میرے ہاتھ میں پودینے کی ایک شاخ آ گئی ۔ میں نے وہ میز پر لے جا کر رکھ دی پھر ان بزرگ نے پھل وغیرہ کو دیکھا اور اس میں سے میری پودینے کی شاخ اٹھا لی لوگوں کی طرف منہ کرکے کہنے لگے کہ ہم کچھ لینا نہیں جانتے۔ ہم ہمیشہ دیا کرتے ہیں پھر انہوں نے وہ شاخ لوگوں کو بانٹ دی جس میں سے چند پتے مجھے بھی ملے جو میں نے وہاں پر ہی کھا لئے ۔ پھر ان پر بیماری کا حملہ ہوا اور وہ پھر نعرے یا قہقہے مارنے لگے اور اپنے لبادے میں سے ایک بڑا سا چہرہ نکال لیا پھر انہیں خیال آیا تو انھوں نے وہ چھرا واپس رکھ لیا۔ مجھے ایسا محسوس ہوا کہ وہ چھرا یا خنجر پہلے سے ان کے ہاتھ میں تھا پھر میں نے دیکھا کہ وہ اپنے تخت پر واپس جا رہے ہیں ۔انہوں نے آنکھیں بند کر لیں اور ان کا انتقال ہوگیا۔ اب ان کا چہرہ بڑا پرسکون محسوس ہو رہا تھا۔

جیسے ہی ان کا وصال ہوا غیب سے ایک فوارہ نما پانی کی دھار نے انہیں غسل دینا شروع کر دیا جس وقت میری آنکھ کھلی اس وقت صبح کے پانچ بج رہے تھے ۔

 تعبیر: خواب میں تین باتیں بہت زیادہ توجہ طلب ہیں ۔ نمبر ۱ آپ کو کچھ بزرگان دین سے بہت عقیدت ہے ، نمبر ۲ آپ کا دماغ کمزور ہے ۔ نمبر ۳، کوئی بیماری آپ کے ساتھ لگی ہوئی ہے اور یہ بیماری پیٹ سے متعلق ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (اگست 79ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.