Topics

سحری کا وقت


میں نے دیکھا کہ میرے والد ہمارے گھر کی سیڑھیوں کے دروازے کے اوپر چوکھٹ پر گویا بیٹھے ہوئے ہیں امی نیچے کھڑی ہوئی ہیں اور میں بھی باہر کے دروازے کے قریب کھڑی ہوئی ہوں میرے والد کہتے ہیں کہ اوپر چڑھوں یا نیچے اتروں تو میں گویا ان کی مشکل حل کرنے کے خیال سے جلدی سے کہتی ہوں نیچے اترئیے ۔ اس کے جواب میں وہ کہتے ہیں کہ پھر تو ڈوب جاؤں گا ۔

اس کے بعد دیکھا کہ گھر کے بڑے کمرے میں امی میں اور والد کھڑکی کے آگے جو گلی کے رخ پر کھلتی ہے کھڑے ہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے امی اور والد اس کھڑکی کے آگے پڑی ہوئی چق کو ٹھیک کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور میں کھڑکی دیکھ رہی ہوں ۔

کھڑکی کے باہر بجلی کے تار پر دو پرندے آکر بیٹھتے ہیں جو شاید چیلیں ہیں اتنے میں نیچے سے کوئی آواز دیتا ہے ایسے لگتا ہے جیسے وہ کوئی دس بارہ سالہ لڑکا ہے اس پر والد نیچے یہ معلوم کرنے جاتے ہیں کہ سحر کا صحیح وقت کیا ہے اردگرد کے ماحول کے اندھیرے سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ رات کا وقت ہے ۔ والد کے جانے کے بعد ان میں سے ایک پرندہ اڑ کر چلا جاتا ہے ۔ اتنے میں وہی لڑکا نیچے سے پکار کرسحری کا وقت بتاتا ہے امی میری طرف دیکھ کر کہتی ہیں کہ وہ کہہ رہا ہے بیس منٹ کے بعد سحری کا ٹائم ہوجائے گا ۔

 اس کے بعد میں دیکھتی ہوں کہ وہیں کھڑکی کے بالکل قریب ہی پیچھے رہ جانے والا پرندہ جو شاید مادہ ہے گھونسلے میں بیٹھی ہو ئی ہے اور دونوں پروں میں اپنے بچوں کو چھپائے ہوئے ہے اسے دیکھ کر ہم کہتے ہیں کہ ہائے بیچاری اپنے بچوں کو پروں میں لئے بیٹھی ہے اور اڑ کر نہیں جاسکتی۔ اس کا بچوں کی خاطر یوں پیچھے رہ جانا اور پھر اکیلے ہی ان کی اس طرح حفاظت کرنا اور اس کی بچارگی سے ذہن پر بہت اثر ہوتا ہے۔ اس کے بعد گھر کے دوسرے کمرے کی دہلیز پر میں خود کو کھڑا ہوا پاتی ہوں اور پھر یہ دیکھتی ہوں کہ امی پہلے منزل سے نچلی سیڑھیوں کی طرف جارہی ہیں اس کے ساتھ وہ پرندہ کھڑکی کے راستے کمرے میں وہاں سے ڈیوڑھی اور وہاں سے دوسری منزل کی سیڑھیوں کی طرف چلا جاتا ہے ۔

 تعبیر :  سحر اور جادو سے متعلق بہت سارے توہمات اہلِ خاندان میں زیر بحث آتے رہتے ہیں اس بار بار کی گفتگو سے عدم تحفظ کا احساس زندگی میں داخل ہوگیا ۔ خواب کےاجزائے ترکیبی یہ بھی ظاہرکرتے ہیں کہ خاندانی اختلاف نے بھی اس میں ایک کردار ادا کیا ہے اس کے تدارک کے لئے روحانی علاج میں صفحہ ۱۳۴ پر سحر اور جادو کے توڑ کا عمل موجود ہے لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق ۲۱ روز تک علاج کریں اور وہم دل سے نکال دیں کہ گھر والوں کے اوپر کوئی اثر یا جادو کیا گیا ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (مئی 78ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.