Topics

بلّا آدمی اور آدمی گدھا بن جاتا ہے


دیکھا کہ اچانک لائٹ چلی گئی اور اندھیرا ہو گیا اور ہمارے گھر میں بے شمار بلّے داخل ہو جاتے ہیں ۔ والدہ صاحبہ انہیں بھگانے کے لئے تھالی پھینکتی ہیں جو باہر گلی میں جا کر گرتی ہے ۔میری چھوٹی بہن تشویشناک لہجے میں کہتی ہے کہ بّلے آگئے ہیں۔ والد صاحب تھالی اٹھانے کے لئے باہر جانے لگتے ہیں ان کا قد بہت بلند نظر آتا ہے ۔ہمارے گھر میں سامنے کے دو کمرے باقی کمروں سے ذرا کم اونچے ہیں۔ والد صاحب کا سر ان کمروں سے بھی بلند نظر آتا ہے پھر باقی بّلے نظر نہیں آتے۔ تین بلّے دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں سے دو بلّے گدھے بن جاتے ہیں اور درمیان والا تیسرا بلّا آدمی بن جاتا ہے جو ان دو گدھوں کی لگام تھامے ہوتا ہے۔ شکل و صورت کے اعتبار سے وہ آدمی ہمارے بھائی جان سے مشابہ ہے لیکن آواز ہمارے ایک اور رشتہ دار سے ملتی جلتی سنائی دیتی ہے ۔ میں انہیں دیکھ کر والدہ صاحبہ سے کہتا ہوں کہ بھاگ جاؤ کہیں یہ کوئی بلائیں نہ ہوں۔ اتنے میں وہ آدمی والدہ سے کہتا ہے کہ میں نے جو اینٹیں بھیجی تھی وہ آپ فلاں آدمی کو دے دیں۔ اس کے علاوہ کچھ عرصہ قبل بھائی جان نے بھی ایک خواب بتایا تھا ۔لیجئے انہی کی زبانی سنیے۔

’’میں خواب میں آسمان کی طرف دیکھتا ہوں۔ تین ستارے نظر آتے ہیں ۔میں پہلے ستارے پر نظر جماتا ہوں تو نظر کی تاب نہ لا کر بھاگنے لگتا ہے۔ پھر دوسرے ستارے پر نظر مرکوز کرتا ہوں وہ بھی تیزی سے چل پڑتا ہے ۔اور بالآخر تیسرے ستارے پر نظر ٹھہراتا آتا ہوں تو اپنی جگہ پر قائم رہتا ہے ۔پھر میں ذرا گھور کر دیکھتا ہوں تو وہ بھی اپنی جگہ سے ایک طرف دوڑنے لگتا ہے ۔پھر میں سوچتا ہوں کہ اب چاند دیکھنا چاہیٔے۔ جب چاند کو دیکھتا ہوں تو وہ بھاگنے لگتا ہے۔

 تعبیر: دونوں خوابوں میں سے ایک خواب ان تصورات سے متعلق ہے جیسے جادو سفلی کے خیالات ہیں۔ دوسرا خواب بتاتا ہے کہ بھائی کی زندگی میں شدید قسم کی رکاوٹیں لاحق ہو ں گی۔ پہلے سے تدارک کرلیا جائے تو یہ رکاوٹیں کم سے کم ہو جائیں گی۔ رکاوٹوں سے نجات پانے کا طریقہ یہ ہے کہ جذبات سے کام نہ لیا جائے۔ ہر معاملہ میں اعتدال، نرمی، اور خوش اخلاقی کا رویہ اختیار کیا جائے بھائی کو چاہیٔے کہ ہر وقت ’’یاحی یا قیوم‘‘ کا ورد کرتے رہیں۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (اگست 80 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.