Topics

ٹنکی نما ڈبہ دیکھنا


رانا شہزادمحمد خان.......رات کو میں اللہ کے فضل سے عشاء کی نماز ادا کر کے سویا ۔بفضلہ تعالیٰ نماز میں اچھا دل لگا۔ رات کو خواب دیکھا کہ ریلوے لائن پر مال بردار گاڑی کھڑی ہے اس کے آخری ڈبہ میں پیٹرول یا مٹی کا تیل ہے جس کو تھوڑی سی آگ لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس میں دھواں نکل رہا ہے ۔میں سوچتا ہوں کہ غور کریں کہ منظر کیسا ہے ساتھ ہی ملاحظہ کرتا ہوں کہ اس کے ساتھ ہی ایک چھوٹا سا ڈبہ ہے (جیسے فائر بریگیڈ کے پیچھے چھوٹی موٹر ہوتی ہے) اور اس میں پانی ہے خیال کرتا ہوں کہ پانی ڈال کر آگ بجھائی جا سکتی ہے لیکن یہ عمل کوئی بھی نہیں کرتا۔

ساتھ ہی قبرستان ہے دیکھتا ہوں کہ چار یا چھ آدمی جو کہ منہ مشرق کی طرف کر کے زمین میں تھوڑا سا گڑھا بنا کر اس میں چھوٹی سی چیز ڈال کر نماز جنازہ پڑھتے ہیں ۔گڑھے نما قبر کے بالکل آگے ایک عورت کھڑی ہے میں سوچتا ہوں یہ اسقاط کی کوئی نعش ہے جو شاید آٹھ دن کی ہے یا تین ماہ کی۔

فوراً ہی خیال پھر ریلوے لائن کی طرف چلا جاتا ہے دیکھتا ہوں کہ لائن کے ساتھ گراؤنڈ میں ایک ٹنکی نما ڈبہ ہے جس کے آگے ایک لمبی سی نالی لگی ہے جس میں سے مائع نکل کے نیچے خشک تنکوں پر گر رہی ہے میں ایک تنکا اٹھا لیتا ہوں وہ گیلا محسوس ہوتا ہے سوچتا ہوں کہ ہو نہ ہو آتش گیر ہی ہو اور نقصان پہنچائے میں فوراً ماچس کی تلاش کے لئے ادھر ادھر دیکھتا ہوں تاکہ تنکا جلا کر دیکھ سکوں قریب ہی دو آدمی سگریٹ پی رہے ہیں میں ان سے ماچس مانگتا ہوں وہ کہتے ہیں ہمارے پاس نہیں ہے میں سوچتا ہوں کہ بغیر ماچس کے سگریٹ کیسے جلائی میری نظر ان کی جیبوں پر پڑی ہے لیکن ماچس نظر نہیں آتی اور وہ آدمی بڑھی گہری نظر سے اور مسکراہٹ کے ساتھ مجھے اور اس جگہ کی طرف دیکھتے ہیں جہاں وہ ٹنکی پڑی ہے میں تھوڑا سا آگے جاتا ہوں تو آگے سگریٹ پان کا کھوکھا ہوتا ہے کھوکے والے سے ماچس مانگتا ہوں تو وہ کہتا ہے کہ ڈبہ پانچ روپے کا ملے گا دیکھتا ہوں کہ ڈبے پڑے ہیں سوچتا ہوں کہ چاہیٔے تو صرف ایک ہی پھر ڈبی اسے مل جاتی ہے نتیجے کے لئے تنکا کو آگ دکھاتا ہوں تو وہ فوراً آگ پکڑ لیتا ہے میں دوڑتا ہوں کہ جا کر لوگوں کو متنبہ کر دوں کہ بچیں۔ وہاں پہنچتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ بہت بڑا مجمع اس ٹنکی کے ارد گرد ہے فوراً آگ پکڑ لیتا ہے جس سے کافی افراد کو نقصان پہنچتا ہے میرا خیال پھر قبرستان پہنچ جاتا ہے وہاں دیکھتا ہوں کہ جنازہ گاہ میں ایک میت ہے جس کی نماز جنازہ کے لئے کافی لوگ جن میں میرے بہت سے واقف کار بھی ہوتے ہیں نماز جنازہ کے لئے کھڑے ہیں۔میں بھی جا کر تیسری صف میں کھڑا ہو کر ادائیگی کرتا ہوں نماز کے بعد میت کا چہرہ دیکھتے ہیں میں دیکھتا ہوں کہ وہ تو آنکھیں اور جسم ہلا جلا رہا ہے لیکن اس کی والدہ اس کے سرہانے بیٹھی ہے وہ کہتی ہے کہ تمہاری تصویر کھینچ کر بھیج دی ہے۔ اب تم تو مر گئے ہو حالانکہ وہ زندہ تھا میں پھر سوچتا ہوں کہ کہیں اس جنازہ گاہ میں تخریب نہ ہو جائے تو پھر کہاں جائیں گے ۔ میں خیال کرتا ہوں کہ اپنے دونوں لڑکوں کے ساتھ لے کر جنازہ گاہ کی دیوار پھیلانگ کر قبرستان میں قبروں کی چوکھٹ کے پیچھے چھپ جاؤں گا (حالانکہ میں غیر شادی شدہ ہوں)۔

پھر فجر کی اذان سنائی دیتی ہے کچھ آواز اور میرا دل اور ذہن کہتا ہے کہ رک جاؤں اور اٹھو! اللہ کی کرم نوازی سے استغفار پڑھتے ہیں ہوئے فجر کی تیاری شروع کرتا ہوں۔

تعبیر : ٹنکی آپ کے پیٹ کے اندر معدہ ہے آپ معدہ کے مریض رہ چکے ہیں اور اب بھی مریض ہیں ۔ہو سکتا ہے کہ آپ کو ٹائیفائیڈ بھی ہوا ہو۔ سارا خواب پیٹ کی خرابی اور ٹائیفائیڈ بخار کے گرد گھوم رہا ہے۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (اپریل 86 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.