Topics

زیارت رسول ؐ


حنا یاسمین ، کراچی ۔ یہ خواب میں نے کافی عرصہ پہلے دیکھا تھا مجھے اس کی تعبیرجاننے کے بارے میں بڑا تجسس ہے ۔ اگر آپ تعبیر بتادیں تو بڑا کرم ہوگا۔

میں نے دیکھا شام کا وقت ہے۔ ہلکا ہلکا اندھیرا چھانے لگا ہے۔جیسے مغرب کا وقت ہو ۔میری بہنیں اور کزن وغیرہ ہم سب نانی کے گھر کے آگے دروازے پر بیٹھے ہیں ۔ سامنے سڑک ہے اور سڑک کے اس پار چند شکستہ مکانات ہیں۔ اچانک میری نظر سامنے پڑتی ہے تو دیکھتی ہوں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کا نامِ مبارک ایک روشنی کے ہیولیٰ میں اوپر نیچے اڑتا ہوا جا رہا ہے اور بہت چمک رہا ہے۔ یہ دیکھ کر حیران رہ جاتی ہوں۔ اٹھ کر کھڑی ہو جاتی ہوں اور درود شریف پڑھتی ہوں۔ اچانک میری نظر گلی میں آتے ہوئے ایک بزرگ شخص پر پڑتی ہے۔ وہ نام ِمبارک کے ساتھ ساتھ آرہے ہیں یعنی وہ نام ان کے آگے آگے چل رہا ہے۔ وہ سفید کپڑے پہنے ہوئے ہیں ۔ہاتھ میں تسبیح اور پاؤں میں کھڑادیں ہیں۔ کاندھے پر چادر یا کمبل ہے۔ رنگ سانولا ہے، میں ان کو دیکھ کرجلدی سے اپنی بہنوں وغیرہ سے کہتی ہوں حضور اکرم ؐ تشریف لارہے ہیں کھڑی ہو جا ؤ۔ میں ادب سے کھڑی ہو کر درود شریف پڑھتی ہوں۔ اچانک وہ میری طرف نظر اٹھا کر دیکھتے ہیں تو میں کہتی ہوں، ’’یا رسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم)! السلام علیکم‘‘ اور پھر درود شریف پڑھتی ہوں ۔جب وہ مڑنے لگتے ہیں تو میری نظر انؐ کے پیروں پر پڑتی ہے۔ جہاں وہ پیر کی انگلیوں میں چاندی کی انگوٹھیاں پہنے ہیں۔ جن میں مختلف پتھر جڑے ہیں ۔عقیق وغیرہ ۔ یہ دیکھ کر میں سوچتی ہوں بھلا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کو ان پتھروں سے کیا دلچسپی ہو سکتی ہے ۔یہ کوئی صحابی یا کوئی اور بزرگ ہیں۔ پھر سوچتی ہوں اگر یہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نہیں تو ان کا نامِ مبارک کیوں ان کے آگے چل رہا ہے۔ پھر میں سوچتی ہوں حضور اکرم ؐ کی رنگت بھی سانولی نہ تھی پھر یہ کون بزرگ ہیں ۔ اسی سوچ میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

 تعبیر: خواب نہایت مبارک و مسعود ہے۔ الحمدللہ کہ آپ کو سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ و سلم سے دلی لگاؤ ہے ۔اور آپ درود شریف کا ورد کرتی رہتی ہیں لیکن درود شریف پڑھنے میں جتنی احتیاط اور پاکیزگی ضروری ہے وہ پوری نہیں ہو پاتی ۔ درود شریف چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے پڑھنے کی بجائے رات کو پڑھا کریں اور جس جگہ درود شریف کا ورد کریں اس جگہ پہلےخوشبو کا اہتمام ضروری ہے۔ انشاء اللہ آپ کو حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہِ اقدس و مطہرہ سے فیض نصیب ہو گا۔ اللہ تعالیٰ مبارک کریں ۔ چاندی کی انگوٹھیوں میں جواہرات کا مطلب ہے کہ آپ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے نقشِ قدم پر چل کر بہت بڑی روحانی خاتون بن سکتی ہیں اور آپ کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دربارِ اقدس سے انشاء اللہ فیضان نصیب ہو گا۔ ایسا فیضان جس سے اللہ کی مخلوق سیراب و فیض یاب ہو گی۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (فروری 80 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.