Topics

خواب میں سانپوں کو دیکھتا ہوں


عبدالکریم۔۱۔  دیکھا کہ سفید رنگ کا سانپ ہے میں نے اپنے ملازم سے کہا ۔ جلدی سے لکڑی لے آؤ ، سانپ ہے ۔ ملازم نے خود ہی سانپ کو ادھ مرا کر دیا ۔ تھوڑی دیر بعد سانپ میں حرکت ہوئی اور تیزی کے ساتھ بھاگنے لگا۔ میں نے نہایت عجلت کے ساتھ ایک ڈنڈا سانپ کے سر پر دے مارا ۔ سانپ مر گیا ۔ کچھ دیر تک ہم اس کا تماشہ بناتے رہے اور پھر ہماری کالونی میں رہنے والے امریکن لڑکے اس کو اٹھا کر لے گئے۔

۲۔  اپنے کوارٹر میں بیٹھا تھا کہ ایک دم آواز آئی۔ باہر سانپ ہے اور پھر دروازے کے نیچے سے سانپ کمرے میں آگیا۔ میں نے اس سانپ کو بھی مار دیا تھوڑی دیر بعد دوسرا سانپ دروازے میں سے اندر داخل ہوتا ہوا نظر آیا۔ دروازہ کھولا تو سانپ غائب تھا۔ دروازے سے باہر برآمدہ میں والدہ کا بستر بچھا ہوا ہے۔ یہ خیال آیا کہ سانپ پلنگ پر نہیں چڑھتا۔ میں پلنگ پر بچھے ہوئے بستر پر چلا گیا ۔ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا کہ سانپ بستر میں چھپا ہوا ہے ۔ اسی وقت لحاف اٹھا کر جھٹکا تو سانپ زمین پر گر گیا ۔ غیر متوقع طور پر ایک دوست آیا اور اس نے سانپ کو ختم کر دیا ۔ اس کے بعد ایک اور سانپ دیوار کے اوپر سے چھلانگ لگا کر برآمدہ میں آگیا اس کو بھی میرے دوست نے ہلاک کر دیا اور ساتھ ہی میرے دوست نے مجھ سے کہا تم بالکل فکر نہ کرو۔ جتنے بھی سانپ آئیں گے میں انہیں موت کی گھاٹ اتار دوں گا۔

۳۔  ایک روز راولپنڈی والے مکان میں جو کہ ہمیں کمپنی نے لے کر دیا ہوا تھا ۔ اپنے جونیئر اسٹاف کے ساتھ بیٹھا ہوا باتیں کر رہا تھا۔ کہ یکایک دروازہ سے ایک سانپ اندر آیا ۔ مجھے محسوس ہوا کہ یہ میری تلاش میں ہے جب یہ سانپ میرے قریب آیا تو میں کود کر دوسرے پلنگ پر چلا گیا ۔ اور اپنے ماتحت کی ران پر کھڑا ہو گیا۔ پھر اسی پلنگ پر دراز ہو گیا۔ آواز کے ساتھ گدے میں سوراخ ہوا اور اس سوراخ میں سے ایک سرخ رنگ کا سانپ برآمد ہو کر میری رانوں کے بیچوں بیچ پھن پھیلا کر کھڑا ہو گیا ۔ خوف و دہشت سے میری حالت غیر ہو گئی میرے ماتحت نے جلدی سے اس سانپ کا سر کچل دیا ۔ اور کہنے لگا آپ فکر نہ کریں میں ان سب کو نیست ونابود کروں گا۔

  تعبیر : خواب نمبر ۱ ، نمبر ۲اور نمبر ۳ ۔ یہ سب ایک ہی زنجیر کے مشابہہ کڑیاں ہیں ۔ ان کڑیوں میں دو قسم کے نشانات ملتے ہیں ایک قسم غیر متوازن اور غلط غذاؤں کی ہے جو معدہ کے ذریعے دماغ پر بڑے اثرات پیدا کر رہی ہے ۔یہ اثر قدر ے قلیل خون میں بھی سرایت کر گیا ہے۔

دوسری قسم ان کڑیوں کی ہے جو مذ موم ذہنی تخیلات کی وجہ سے طبیعت کو متاثر کر رہی ہوں ان میں اخلاق کی گراوٹ بھی شامل ہے۔ لوگوں نے ساتھ چڑچڑا پن، غصہ، انتہا پسندی اور سخت گیری کے جذبات بھی نمایاں ہیں۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (دسمبر 86 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.