Khuwaab aur Taabeer

چھپکلی


عمر فاروق، ابو ظہبی۔ میں نے کثرت سے وظائف اور چلے کئے ہیں اب کچھ عرصہ سے مالی تنگی اور ذہنی پریشانی کا شکار ہوں۔ جنوری 2017ء میں خواب دیکھا کہ ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی صاحب کو ایک خط میں اپنے مسائل لکھ کر بھیجتا ہوں۔ جوابی لفافہ وصول ہوتا ہے جس پرلکھا ہے کہ یہ حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی کی طرف سے ہے۔ خط میں لکھا ہے کہ آپ کو سلسلہ عظیمیہ میں بیعت کرلیا گیا ہے۔ اس کے بعد میں نے سلسلہ عظیمیہ اور خواجہ صاحب کے بارے میں پڑھنا شروع کیا۔ ایک اور خواب دیکھا، میرے ایک رشتہ دار جو کہ عظیمی ہیں خواجہ صاحب سے میرا ذکر کرتے ہیں ۔ کاروبار نہ چلنے کی وجہ کے بارے میں استخارہ کیا تو خواب میں دیکھا کہ ایک صاحب خواجہ صاحب سے میرے بارے میں پوچھتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیا مسائل ہیں؟ آپ فرماتے ہیں کہ وہ وظائف کی رجعت کا شکار ہے۔ یاحیی یاقیوم کے ورد سے بہت حد تک ڈپریشن اور کافی مسائل سے نجات مل گئی ، صرف کاروبار میں مالی تنگی ہے۔ میں نے ایک صاحب کی اجازت سے سورہ مزمل کا چلہ کیا تھا جس کے بعد کاروبار گرا اور مالی تنگی شروع ہوگئی۔ نگراں مراقبہ ہال ابوظہبی کے مشورہ پر میں نے تمام وظائف کی مداومت چھوڑ دی ہے جن کی تعداد 35ہے۔ سلسلہ عظیمیہ میں بیعت ہونے کے لئے استخارہ کیا تو خواب آیا کہ ایک موٹی تازی چھپکلی کمرے کی دیوار پرچپکی  ہوئی ہے جسے زور سے چپل مارتا ہوں تو میرے قریب گرجاتی ہے۔ جب اسے ماردیتا ہوں تو حیرت ہوتی ہے کہ اتنی طاقت ور چھپکلی ایسی آسانی سے مرگئی۔ وہاں مزید ایک چھپکلی مری ہوئی پڑی ہے۔

 

تعبیر: خیالات میں ہیجان اور بے یقینی زیادہ ہے۔ اس سلسلہ میں جو وظائف پڑھے گئے ہیں ان کا پڑھنا ایسا ہے کہ کسی دوا کو طاقت ور سن کر یا سمجھ کر استعمال کرلینا۔ کیوں کہ دوا مریض کی قوت برداشت سے زیادہ ہے اس لئے فائدہ کے بجائے نقصان کا زیادہ احتمال ہوتا ہے اور تدارک مشکل مرحلہ بن جاتا ہے۔ افضل وظیفہ یک سوئی کے ساتھ پانچ وقت نماز قائم کرنا ہے۔ نمازی جب نماز کی نیت باندھ لیتا ہے تو شکوک و شبہات، امید ناامیدی، ، وسوسے ، بے یقینی کا دماغ میں ہجوم ہوجاتا ہے اور وسوسوں میں اتنا زیادہ انہماک ہوجاتا ہے کہ نمازی کو یہ احساس بھی نہیں رہتا کہ ہم اللہ کے حضور حاضر ہیں اور کیا پڑھ رہے ہیں۔ ایسی نماز کوقرآن کریم نے ویل للمصلین فرمایا ہے۔

اس کا حل یہ ہے کہ نماز میں پڑھی جانے والی سورتوں کا ترجمہ یاد کریں اور نیت باندھنے کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضوریقین کے ساتھ حاضر ہوں۔انشاء اللہ حالات بہتر ہوجائیں گے۔ ہر وقت باوضو رہنے سے ذہنی یک سوئی حاصل ہوتی ہے۔ نماز کی نیت کرنے سے پہلے   دو زانو بیٹھ جائیں اور اللہ کے تصور کے ساتھ بسم اللہ الرحمن الرحیم، گیارہ مرتبہ یا قدیرُقادر پڑھ کر  کھڑے ہوجائیں اور نماز کی نیت کرلیں۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (اگست                      2017ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.