Khuwaab aur Taabeer

مرحوم دادا کو خواب میں دیکھنا


تین سال پہلے میں نے خواب دیکھا کہ قرآن شریف پڑھ رہی ہوں۔ کچھ دنوں میں میرا جوان بھائی مر گیا۔ اس کے بعد میں نے متعد بار اس طرح دیکھا تو ضرور کوئی نہ کوئی خبر اس طرح کی مل جاتی ہے۔ اب میں نے دیکھا ہے کہ نہ جانے کوئی شخص جسے میں جانتی نہیں قرآن شریف پڑھ رہا ہے اور میرے دادا مرحوم کی شکل کا ایک آدمی ان کے پاس بیٹھا ہے۔

دوسرا خواب یہ ہے کہ میں کسی بچے کو اپنا دودھ پلا رہی ہوں اور میرے سینے سے دودھ پی رہا ہے جبکہ میرا کوئی بچہ اب اس لائق نہیں جو میری گود میں ہو اور میرا دودھ پی رہا ہو۔ میں آپ کی شکر گزارر ہوں گی کہ آپ نے میرے خط کا جواب دیا۔

تیسرا سوال میرا یہ ہے کہ میں جب بیس سال کی تھی تو میری شادی ہوئی۔ شادی کے سال بعد ایک لڑکا ہوا جو چار دن کا ہو کر فوت کر گیا۔ اس کے بعد چھ لڑکیاں ہوئیں۔ ہر بار امید رہی کہ لڑکا ہوگا لیکن ایسا نہ ہو سکا اور کچھ سال میں چھ لڑکیاں ہو گئیں۔ ایک مر گئی۔ اس کے بعد ایک لڑکا ہوا جو پیٹ سے ہی مردہ پیدا ہوا۔ پھر ایک اور لڑکی ہوئی وہ بھی مر گئی۔ بچوں کی مسلسل پیدائش سے میری صحت بالکل تباہ ہو کر رہ گئی۔ ہر بچے کی پیدائش پر ہم دونوں میاں بیوی بہت خوش ہوتے تھے کہ اب کے لڑکا ہوگا۔ لیکن ہر بار مایوسی ہوتی تھی۔ آج میری شادی کو پندرہ سولہ سال ہو گئے ہیں لیکن ایک لڑکے کی نعمت سے ہنوز محروم ہوں۔میرے شوہر مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں ۔وہ کہتے ہیں کہ لڑکا یتیم خانے سے لے کر پال لیتے ہیں لیکن میرے دل میں یہ حسرت ہے کہ پروردگار مجھے ایک بیٹا دیدے۔ آپ سے التجا کرتی ہوں کہ آپ میرے لئے دعا کریں کہ خدا مجھے ایک بیٹے سے نواز دے اب جب کہ میری عمر ایسی نہیں، کمزور ہو گئی ہوں، صحت بھی خراب ہو گئی ہے لیکن بیٹے کی تمنا اب بھی ہے دعا کریں کہ شاید آپ کی دعاؤں کے فضل یہ نعمت مجھے مل جائے۔ اب میری پانچ بچیاں ہیں ۔ خدا انہیں ہمیشہ سلامت رکھے اور یہ ہمیشہ خوش رہیں۔ آپ کے لئے تو میں ہمیشہ دعا کرتی ہو ں۔ آپ کی ہر تحریر بڑی عقیدت سے پڑھتی ہوں۔ خدا آپ کو ہمیشہ سلامت رکھے۔

اور ہاں جب میرا پہلا لڑکا مرا تھا تو وہ بالکل اچھا تھا۔ رات بھر آرام سے سویا صبح اٹھا تو رونے لگا۔ اور پیروں کے تلووں سے نیلا ہونا شروع ہوگیا اور جب فوت ہوا تو پورا نیلا ہو گیا تھا۔ سب لوگوں نے محلے والوں نے ، رشتہ داروں نے کہا کہ اس پر اثر ہے جب ہی تو بچہ مر گیا ہے۔

دوسرا لڑکا جو ہوا تو میں نے دیکھا بھی نہیں۔ اسپتال میں ہوا تھا۔ سنا ہے کہ ٹھیک حالت میں وہ بھی نہیں ہوا تھا۔ والدہ صاحبہ کتنے ہی پیروں فقیروں کے یہاں لے کر گئیں لیکن مجھ غریب کے پاس اتنے نے پیسے نہیں تھے جو میں پیروں فقیروں کے مطالبے پورے کرتی۔ انہیں بکرے اور مرغ کھلاتی۔

  تعبیر: خواب کی تعبیر پوری ہو چکی ہے اور وہ تعبیر آپ نے خود اپنے خط میں بیان کر دی ہے ۔ دادا مرحوم کو خواب میں دیکھنے سے مراد یہ ہے کہ آپ کے اندر جرثوموں کے چھلے ہم رنگ نہیں ہیں بلکہ وہ خلئے جو شکم ماور میں مذکر یا مونث اولاد کا تعین کرتے ہیں۔ صحت مند نہیں ہیں۔بہت دیر ہو گئی ہے۔موجودہ حالات میں آپ کے شوہر کی تجویز نہایت مناسب ہے ۔آپ یتیم خانے سے کوئی خوبصورت بچہ لے لیں اور اس کی پرورش کریں۔ اللہ تعالیٰ اس کا اجر دیں گے اور آپ کی دلی خواہش بھی پوری ہو جائے گی۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (نومبر 84 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.