Khuwaab aur Taabeer

زیارت روضہ رسولؐ


خیرالدین، لاہور۔ مدینہ ایئرپورٹ پر اترنے کے ساتھ خیال آیا کہ روضہ رسولؐ ابھی دور ہے ، پھر روضہ رسولؐ پر نظرپڑی جو کچھ فاصلہ پر نظر آیا۔ اگلے لمحہ دیکھا کہ روضہؐ سے کچھ فاصلہ پر وضو کررہاہوں، ساتھ اور لوگ بھی ہیں۔ ہم سب نعت شریف پڑھ رہے ہیں۔ شعر یاد نہیں مگر مطلب یہ تھا کہ آقاؐ دیدار عطا فرمادیجئے، خیال آیا کہ روضہؐ  کا دیدار تو ہوا مگر ابھی دیدار نبیؐ  باقی ہے۔ کافی طویل خواب تھا جو اٹھنے کے بعد آہستہ آہستہ ذہن سے محو ہوگیا۔

 

تعبیر: الحمد للہ خواب نہایت مبارک اور سعید ہے۔ آپ کو رسول اللہؐ کے روضہ اقدس کی زیارت نصیب ہوئی ہے۔ خواب میں اظہار ہوتا ہے، درود شریف کا ورد آپ کرتے ہیں لیکن اکثر ناغہ ہوجاتا ہے۔ نعت سننے اور سمجھنے کا ذوق بھی ہے۔ سلسلہ کے اسباق کی پابندی پوری طرح نہیں ہوتی۔ مراقبہ میں جتنی زیادہ ذہنی یک سوئی ہونی چاہئے وہ بھی نہیں ہوتی، اس کی وجہ ذہنی انتشار اور خیالات کی یلغار ہے۔ چلتے پھرتے، وضو بے وضو کثرت سے دن میں یاحی یاقیوم کا ورد کریں اور رات کو نہا دھو کر پرسکون طبیعت سے درود شریف کا ورد کریں۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (جون                 2017ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.