Khuwaab aur Taabeer

زمین سے آسمان تک ستون دیکھنا


احمدنواز، اٹک۔ دیکھا کہ زمین سے لے کر آسمان تک ایک ستون بناہوا ہے جس کے آخری سرے پر ایک چوک ہے۔ چوک کے چاروں طرف سڑکیں بن رہی ہیں جن کے سریے کا جال بن چکا ہے۔زمین پر تین مقامات پر ستون کے لئے نشان لگے ہوئے ہیں۔ پھر دیکھا کہ مسجد میں تقریب ہورہی ہے جس میں حاضرین بہت کم ہیں۔ایک بوڑھی خاتون نے دعا کرائی۔مجھے کھانے کے لئے ایک بڑے برتن میں میٹھے چاول دیئے گئے جنہیں کھانے کے بعد دیکھا کہ برتن میں نیلی روشنائی اور سیاہی سے مختلف طرح کے تعویز لکھے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے برتن کے دو ٹکڑے ہوگئے۔

 

تعبیر: مذہبی نقطہ نظر سے اس وقت یہ سمجھنا کہ آدمی کیاطرز عمل اختیار کرے مشکل عمل بن گیا ہے۔ فرقے اتنے زیادہ ہوگئے ہیں جن کی تعدادایک سو دو (102)بتائی جارہی ہے جبکہ بچپن میں سنتے تھے کہ بہتّر (72) فرقے ہیں۔ پہلی بات یہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ کا ارشاد ہے کہ اللہ کی رسی کو متحد ہوکر مضبوطی سے پکڑلو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق اسلام یہ ہے کہ تفرقہ نہ ہو۔ خواب کی تعبیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ جادو ٹونہ تعویذ گنڈے میں ذہن الجھا ہوا ہے جبکہ خواب میں جادو وغیرہ کی نشاندہی نہیں ہے۔ عقیدئہ توحید پرقائم رہئے اور اس کا واحد طریقہ یہ ہے کہ قرآن کریم کو بہت تفکر کے ساتھ پڑھئے، معنی مفہوم پر نیوٹرل سوچ سے غور کیجئے۔



’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (دسمبر 2014ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.