Khuwaab aur Taabeer

حضور قلندر بابا اولیاؒ خواب میں دیدار کیا


محمد برہان، کوٹ ادّو۔ حضور قلندر بابا اولیا کی ایک تصویر مختلف سائز میں بڑی تعداد میں دیکھیں۔ اس تصویر میں حضور قلندر بابااولیا نے گہرے نیلے رنگ کے کپڑے پہنے ہیں۔ غلافی پھولوں کے ہار ہیں یا اسی رنگ کی واسکٹ ہے یہ میں سمجھ نہیں سکا۔ تصویروں کو بائیں طرف سے دیکھتے ہوئے دائیں طرف نظر گئی تو گھر کے پرانے نقشہ کے مطابق مغربی کمرے کے سامنے چھوٹی سی کیاری مشرقی رخ پر تھی۔ اس میں حضور قلندر بابا ایک کرسی پرتشریف فرما ہیں اور تصویر کی طرح کا لباس اورچہرہ حسین و شاداب ہے۔

 وہ مسکراتے ہیں تومیں قریب آتا ہوں اور ادب سے جھک کر سلام کرتا ہوں۔ انہوں نے میرے کندھوں کے درمیان گردن کے جوڑکے پاس انگوٹھے سے کچھ دیر تک دبایا پھر فرمایا، ہم نے اتنی دیر کسی کو نہیں دبایا۔ میں بہت ادب سے عرض کرتا ہوں کیا کبھی آپ کا دیدار بحالت بیداری ہوسکتا ہے؟ انہوں نے مسکراتے ہوئے مجھے دوسرے کمرے میں بھیج دیا۔

میں چارپائی پرسورہا تھا، آنکھ کھلی تو امی اور بھائی کمرے کے اندر سامان لارہے تھے کیوں کہ باہر بارش ہورہی تھی۔ میں اٹھ کر بیٹھا اور خوشی خوشی امی کو بتایا کہ میں نے حضور قلندر بابا اولیا کا خواب میں دیدار کیا ہے۔ امی ادب سے سر پر دوپٹا اوڑھ کر بیٹھ گئیں اور خواب سن کر فرمایا ، ارادہ کررہی ہوں کہ ان کے مزار پر حاضر ہوں۔ ایصال ثواب کے لئے کچھ پکاؤ ں گی جس کے لئے ایک کلو گھی منگوایا ہے۔ میں وہیں سوگیا۔

 

تعبیر : اسباق کی پابندی کر یں تاکہ حضور قلندر بابا اولیا کی تعلیمات کا ادراک ہو ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (جون 2019ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.