Khuwaab aur Taabeer

تصور شیخ میں محوہونا


نام شائع نہ کریں، پشاور۔ خواب دیکھا کہ گھر میں خوشی کی خبر ہے۔ سارے گھر والے منتظر ہیں، اطلاع اب آئی کہ تب آئی۔ رشتہ دار اور دوست احباب اتنے پھول لائے ہیں کہ بھینی بھینی خوش بوسے ماحول معطر ہے۔ کبھی کسی بچہ کا ایسا استقبال نہیں دیکھا۔ کچھ دیرگزری کہ ایک بزرگ تشریف لائے ۔ سر پر دست شفقت رکھ کر دعا دی ۔ ان کے ہاتھوں سے روشنیاں نکل کر میرے اور بچہ کے اندر جذب ہورہی ہیں۔ میں تصور شیخ میں محو ہوگئی۔

 

تعبیر: الحمد للہ خواب مبارک اور روحانی صلاحیتوں کی نوید ہے۔ ماں باپ نیک ، پاکیزہ اطوار اور سنت رسولؐ پر عمل کرنے والے ہوں تو یہ طرزیں بچوں میں منتقل ہوتی ہیں۔ خواب کے نقوش بتاتے ہیں کہ آپ محبوب رب العالمین حضرت محمدؐ سے محبت کرتی ہیں اوردرود شریف کا بطور خاص اہتمام کرتی ہیں۔ خواب میں صبر، شکر اور اللہ پر توکل کا بھی اشارہ ہے۔ بلاشبہ یہ وہ اوصاف ہیں جو بندہ کو اللہ سے قریب کرتے ہیں۔ آپ کو صاحب یقین بچہ کی بشارت دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی توفیق کے ساتھ ثابت قدمی اور اخلاص سے قرآن کریم میں زندگی گزارنے کے جو قوانین بیان کئے گئے ہیں ان پر عمل کریں ۔ روزانہ ترتیب سے ترجمہ کے ساتھ قرآن پڑھیں اورجو کچھ پڑھا ہے اس پر تفکر کریں، درود شریف کا ورد جاری رکھیں۔ یاد رکھئے! بچہ ماں باپ کا عکس ہوتا ہے یعنی ماں باپ جو کچھ کرتے ہیں، بچہ اس کو دیکھتا اور قبول کرتا ہے۔ خواب میں تصور شیخ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ شیخ کی بات پر بلا چون و چرا عمل کریں کہ وہ اللہ تبارک و تعالیٰ اور رسول اللہؐ سے محبت کرتا ہے اور منزل سے واقف ہے۔مستقل مزاجی سے عمل کیا جائے تو خواب کی تعبیر پوری ہوگی، انشاء اللہ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (مئی 2018ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.