Khuwaab aur Taabeer

بزرگ مرغی دیتے ہیں


شمیم ایوب  میٹرک کی طالبہ ہوں آپ کا روحانی ڈائجسٹ تقریباً ایک سال سے پڑھ رہی ہوں یہ رسالہ پڑھنے کے بعد دل کو ایسا سکون ملتا ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے میں اس رسالے کے متعلق اپنے گھر والوں کو سناتی ہوں۔ میں ہر دم اللہ کو ہی یاد کرتی رہتی ہوں ہر خوشی اور ہر غم میں خدا کا تذکرہ اور شکر کرتی ہوں۔

امی کا ایک خواب بھیج رہی ہوں اس کی تعبیر بتا دیں میری والدہ خواب میں دیکھتی ہیں کہ ایک بڑی خوبصورت سی مسجد ہے اگر بتیوں کی خوشبو سے تمام مسجد معمور ہے سنگ مرمر کی مسجد ہے بیچ میں خانہ کعبہ ہے ۔ ہجوم میں میری والدہ بھی کعبہ کے گرد طواف کر رہی ہیں گھر والے بھی ساتھ ہیں حج پورا ہونے کے بعد وہ ایک کنویں کے پاس آ کر بیٹھ جاتی ہیں پانی اس قدر صاف و شفاف ہے کہ امی کو حیرت ہوتی ہے لوگ اس صاف پانی میں نہا رہے ہیں مگر پانی ذرا بھی میلا نہیں ہو رہا ہے۔ اتنے میں امی کے برابر میں ایک بزرگ تشریف لاتے ہیں بالکل سفید کپڑے پہنے ہوئے داڑھی بھی سفید ہے ۔سانولا سا رنگ ہے میری والدہ ان سے پوچھتی ہیں کہ بابا اس پانی سے اتنے لوگ نہا رہے ہیں مگر پانی گندا کیوں نہیں ہو رہا ۔ وہ فرماتے ہیں کہ بیٹی یہ زم زم کا کنواں ہے بیٹی تمہارا حج ہو چکا ہے یہاں پر آنے والوں کو قربانی دینا لازم ہے اس پر والدہ کہتی ہے کہ میرے پاس تو کچھ بھی نہیں ہے پھر وہ بزرگ اپنے ہاتھ میں ایک سفید مرغی امی کے ہاتھ میں تھما دیتے ہیں وہ بزرگ اس کو ذبح کرتے ہیں لیکن ذبح شدہ مرغی زمین پر سے ایک دم غائب ہو جاتی ہے ۔ پھر بعد میں امی جہاز میں آ کر ہم گھر والوں کے ساتھ بیٹھ جاتی ہے اتنے میں وہی بزرگ جو غائب ہو گئے تھے آ کر امی سے کہتے ہیں بیٹی تم کچھ بھول گئی ہو۔ امی ہم سب کو دیگر سامان پر نظر ڈال کر کہتی ہیں ۔ نہیں میں کچھ نہیں بھولی ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ تم یہاں سے تسبیح اور کھجور کا تبرک نہیں لے جا رہی ہو۔ امی ابو کو یہ چیزیں لینے کے لئے بھیجتی ہیں کہ جہاز چل پڑتا ہے امی گھبرا کر چیختی ہیں اور یوں ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔

میری والدہ کئی دنوں سے ایسے ہی خواب جن میں مسجد قبر یں۔مزار یا جنازے نظر آتے ہی دیکھ رہی ہیں۔

تعبیر:  بہت زیادہ ورد کرنے سے آپ کی امی کے دماغ میں بیزاری کے جذبات پیدا ہو جاتے ہیں ان بیزار جذبات سے گھر میں تلخ کلامی ہوتی ہے اور گھر ایک محاذ بن جاتا ہے۔ نتیجہ میں گھر میں بیماریوں کا بسیرا ہو گیا ہے خواب کے یہ نقوش کہ والدہ نے والد کو تبرک لینے کے لئے بھیج دیا اور جہاز چل پڑا ۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ والدہ اور آپ کے والد میں اختلافات کی نوعیت شدید ہے ۔ بزرگ کا مرغی دینا اور مرغی کا غائب ہو جانا ۔ یہ سب خاکے اس طرح اشارہ کر رہے ہیں کہ جو کچھ پڑھا جا رہا ہے وہ کسی روحانی انسان کی نگرانی میں اجازت سے پڑھا جائے تو اس کے نتائج مثبت مرتب ہوں گے بصورت دیگر پریشانیاں اور گھریلو بے سکونی کا دور دورہ ہو جائے گا۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (مارچ 85 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.