Khuwaab aur Taabeer

امرود اور مرحوم چچا


قمر النساء۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ اپنی بڑی بہن کے ساتھ ایک صاف ستھری سڑک پر چلی جا رہی ہوں۔ اتنے میں ایک چھوٹی سی صاف ستھری مسجد نظر آتی ہے۔ اس کے اندر سفیدی کی گئی ہے۔ ہم لوگ اندر داخل ہوتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ مسجد کے صحن میں ایک بڑی بی نماز پڑھ رہی ہیں۔ اور بالکل سفید براق کپڑے پہنے ہوئے ہیں ۔وہ سلام پھیر کر ہمیں اندر کمرے میں جانے کا اشارہ کرتی ہیں۔ ہم لوگ کمرے کے اندر داخل ہوتے ہیں تو دیکھتے ہیں ہمارے چچا جن کا انتقال ہوچکا ہے نماز پڑھ رہے ہیں۔ وہ سلام پھیر کر ہم لوگوں کی طرف دیکھتے ہیں اور جائے نماز کا کونا اٹھا کر ایک بہت ہی خوبصورت امرود نکالتے ہیں اور ہم دونوں کی طرف بڑھاتے ہیں۔ بڑی بہن چاہتی ہیں کہ چچا کے ہاتھ سے امرود لے لے لیکن وہ انکار میں سر ہلا کر امرود میری طرف بڑھاتے ہیں۔ میں امرود جھپٹ کر ان سے لے لیتی ہوں۔ چچا امرود دے کر دوبارہ نیت باندھ لیتے ہیں۔ اور ہم لوگ مسجد سے نکل آتے ہیں اور سڑک پر دھیرے دھیرے قدم اٹھاتے ہیں کہ سامنے ہی امرود کا ایک درخت نظر آتا ہے ۔ میں چاہتی ہوں کہ اس میں سے ایک امرود توڑ لوں مگر بہن منع کرتی ہیں کہ خوامخواہ توڑ رہی ہو جبکہ اتنا پیارا امرود تمہارے پاس ہے ۔ اتنا دیکھتی ہوں اور ایک دم میری نیند کھل جاتی ہے۔

 تعبیر: یہ خواب بہت پرانا ہے ۔اس کی تعبیر پوری ہو چکی ہے۔ امرود سے مطلب اولاد ہے۔ مرحوم چچا کے ہاتھ سے امرود لے کر کھانا اس طرف اشارہ ہے کہ اس کے بعد جو اولاد ہوئی وہ دماغی طور پر کمزور ہے یا مزاج کے اعتبار سے اس کے اندر اعتدال نہیں ہے۔ طبیعت کا رجحان انتہا پسندی کی طرف ہے۔ واللہ اعلم۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (دسمبر 79ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.