Khuwaab aur Taabeer

بیٹے کو چاقو مارا


نام شائع نہ کریں، مڈل ایسٹ۔ شوہر نے بیٹے کے پیٹ اور سینہ پر چاقو سے دو تین وار کئے۔ بچہ رورہا ہے اور میں تڑپ رہی ہوں، شوہر بھی روتے ہوئے کہتے ہیں ہمارے یہاں ایسا ہی ہوتا ہے۔ پھر کہتے ہیں دوسرا کہاں ہے اوراسے بھی مارتے ہیں (ہمارا ایک ہی بیٹاہے)۔ بیٹے کو شلوار قمیص پہناتی ہوں کہ زخم نظر نہ آئیں۔ میں رو رہی ہوں کہ یہ مر جائے گا ۔وہ بھی مدہوشوں کی طرح چل رہا ہے۔ پھر منظر بدلا اور دیکھا کہ امی کے ساتھ سڑک پر کھڑی ہوں۔ تار پر پرندے دیکھ کر روپڑتی ہوں کہ بیٹا پرندے دیکھ کر خوش ہوتا تھا۔ امی سے کہتی ہوں، یہ کون لوگ ہیں؟ وہ کہتی ہیں، صحیح کہہ رہی ہو۔ آپ نے مجھے روکا کیوں نہیں، کہہ کر میں رونے لگتی ہوں۔ منظر بدلا ،کزن اپنے گھر میں بیٹھی برتن دھو رہی ہے لیکن وہاں نلکا الٹا لگا ہوا ہے یعنی جہاں سے کھولتے ہیں وہاں سے پانی آتا ہے اس کے باوجود وہ آرام سے برتن دھو رہی ہیں۔ مجھ سے کہتی ہیں، یہاں پررات کو اکثر دو چھوٹے بچے کھیلتے ہوئے نظر آتے ہیں وہ کسی جن کے بچے ہیں۔ میں حیران ہوتی ہوں کہ انہیں کوئی ڈر نہیں۔ آنکھ کھلی تو بیٹے کے بارے میں خواب سوچ کر رونا آگیا۔

 

تعبیر : گھر میں بیزاری، الجھن اور ناگوار باتیں زیادہ ہوتی ہیں۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے ''جو لوگ غصہ کھاتے ہیں (یعنی غصہ نہیں کرتے) اور اللہ کے لئے معاف کرتے ہیں، اللہ ایسے احسان کرنے والے بندوں سے محبت کرتا ہے۔'' دوسری اہم بات یہ ہوسکتی ہے کہ کھانوں میں بطور خاص ناقص اشیااستعمال ہوتی ہیں۔ خصوصاً مسالے گھر میں پیس کر استعمال کریں۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (اگست 2019ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.