Khuwaab aur Taabeer

بزرگ کا خواب میں مکان دینا


حسینہ سہیل، کراچی۔ ایک نامعلوم مقام پر کئی کمروں میں لوگ ہیں۔ امی سے کہتی ہوں ایک بزرگ مجھے تین کمروں کا فلیٹ دے رہے ہیں۔ امی اور بڑی بہن خوش ہوتی ہیں۔ اتنے میں وہ بزرگ ایک کمرے سے باہر تشریف لائے اوربہت مصروف نظر آرہے ہیں۔ محسوس ہوا کافی لوگوں کو فلیٹ دے رہے ہیں۔ پھر میری جانب تشریف لاکر فرمایا تمہیں گھر دینا ہے اور تمہیں اسی میں رہنا ہے کیوں کہ مجھے تم سے بہت کام لینا ہے۔ پھر امی کی طرف بڑھے۔ امی نے ادب سے سلام کیا اور بزرگ نے امی کے سر پر ہاتھ رکھا۔

 

تعبیر: خواب نہایت مبارک ہے۔ مکان سے مراد اینٹ کا گھر نہیں ہے، بزرگ آپ کو فیض یاب کرکے سلسلہ کا کام لینا چاہتے ہیں۔ الحمد للہ آپ باصلاحیت خاتون ہیں۔ اللہ اور اس کے محبوبؐ  کی انتہائی درجہ عقیدت مند ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ بزرگ نے جو آپ کو ہدایات دی ہوئی ہیں ان پر نہایت خلوص اور سچے دل سے عمل کریں۔ انشاء اللہ آپ کی ذات سے اللہ کی مخلوق کو بہت فائدہ ہوگا۔ حضور قلندر بابا اولیاؒ ؒ نے مجھ عاجز بندہ سے پوچھا ،آپ اللہ کے دوست بننا چاہتے ہیں؟ بندہ نے عرض کیا، میں اللہ سے دوستی کرنا چاہتا ہوں۔ پوچھا، اللہ تعالیٰ کیا کرتے ہیں؟ مجھ عاجز بندہ نے دو تین باتیں بتائیں لیکن وہ قابل قبول نہیں ہوئیں اور قلندر بابا ؒ نے خود ارشاد فرمایا ،اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں۔ جو بندہ خلوص نیت کے ساتھ اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس سے بہت خوش ہوتے ہیں اس لئے کہ اللہ تعالیٰ خود اپنی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں۔ آپ بھی خلوص نیت کے ساتھ اللہ کی مخلوق کی خدمت کریں ،اللہ آپ سے راضی ہوگا اور آپ کی بندگی کو قبول فرمائے گا۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (مئی                2016ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.