Topics

موت کے وقت کا خواب دیکھنا


قیوم۔  ایک حیرت انگیز، عجیب و غریب خواب لے کر حاضر ہوا ہوںجس کے بارے میں سوچ سوچ کر حیران ہوں، براہ مہربانی تعبیر بتاکر شکریہ کا موقع     عطا فرمائیے۔

دیکھا قسمت کا حال معلوم کرنے نجومی کے پاس گیا اس نے کہا وہ پھول لاؤ جو تمہیں پسند آئے۔کافی تلاش کے بعد ایک پھول نظر آیا جس کی پتیاں مختلف قسم کی تھیں۔ ان میں نمایاں پتیوں کے رنگ سفید، لال اور ہرے تھے۔وہ پھول لے کر نجومی کے پاس آیا اور ادب سے پھول پیش کیا۔ جیسے ہی نجومی کی نظر پھول پر پڑی وہ افسردہ ہوگیااور افسوس کا اظہار کرنے لگا ۔پھر سفید رنگ دیکھتے ہی اچھل پڑا، کہنے لگا تمہاری موت کا پیغام آیا ہے۔ جیسے ہی یہ سنا ،میں فوراً والد صاحب کے پاس پہنچ گیا گھبراہٹ و پریشانی میں چیخ کر ان کو بتایا کہ میری موت کا وقت قریب ہے اور اس کے لئے آج کا دن مقرر ہے۔ والد صاحب پریشان ہوگئے اور بولے یہ کیا کہہ رہے ہو،ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ میں نے نجومی سے ملاقات کا سارا قصہ سنادیا۔ پھر میں نے کہا، نجومی کہہ رہا تھا، موت کا پیغام سفید پتیوں میں چھپا ہے اور ہری پتیاں مٹھاس کی وجہ سے موجود ہیں۔ سرخ پتیاں کیوں موجود ہیں، اس کے متعلق نجومی نے جو بتایا وہ یاد نہیں رہا۔ پھر دل بھر آیا اور میں رونے لگا۔ مجھے خواب میں خود پر حیرت ہورہی تھی کہ پہلے تو موت کی دعائیں مانگتاتھا اب جب موت نے اپنا چہرہ دکھانا شروع کردیا تو کیوں پریشان ہورہا ہوں۔

 

تعبیر:غیر ملک میں موجود دو لڑکیوں میں سے ایک کو آپ نکاح کے بندھن میں باندھنا چاہتے ہیں جب کہ دونوں رشتے مشکوک ہیں۔ خواب کے مناظر سے نشان دہی ہوتی ہے کہ آپ اس بارے میں متزلزل ہیں۔ غیر ملک میں کسی لڑکی سے شادی ہوسکتی ہے اورآپ رشتہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔

 

تجزیہ:پھول میں مختلف رنگوں کی تین پتیاں تین لڑکیوں کی علامت ہیں ان تین میں ایک سے آپ کی شادی ہوسکتی ہے۔

غیر ملک کے دونوں رشتوں کا حصول ممکن نظر نہ آنے کی وجہ نجومی کاسفید رنگ کو موت کا پیغام کہنا اور سرخ رنگ کا مطلب یاد نہ رہنا ہے۔کسی تیسرے رشتہ کے حصول کا قوی امکان ہے اور یہ وہ پتی ّ ہے جس کو نجومی نے مٹھاس کہا ہے۔خواب میں موت کے پیغام سے ڈرنا اور پریشان ہوناظاہر کرتا ہے کہ غیر ملک کے رشتوں میں مالی منفعت کی اہمیت گھر گرہستی سے زیادہ ہے۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (جون                2016ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.