Topics

آسمان پر لکھی ہوئی آیات دیکھنا


عدنان احمد، کورنگی۔ دیکھا مغرب کے وقت لوگ گلی میں جمع ہیں، میرے گھر والے بھی ہیں۔ نیلے آسمان پر سفید بادلوں کی طرح آیتیں لکھی ہیں اوربادلوں کی طرح گزر رہی ہیں۔ سبحان اللّٰہ،اللّٰہ اکبراور کچھ سورتیں لکھی ہوئی نظر آتی ہیں۔ جب میں آس پاس موجود لوگوں کو بتانے کی کوشش کرتا ہوں تو منہ سے الفاظ نہیں نکلتے۔ جب کوئی اور بات کرتا ہوں تو ٹھیک طرح آواز نکلتی ہے لیکن جب آسمان پر سورتوں کا ذکر کرنے لگتا ہوں تو منہ اور ہونٹ سن ہوجاتے ہیں۔ کسی اور کو وہ منظر نظر نہیں آتا۔ پھر کچھ خواتین ،لوگوں کو اس منظر کے بارے میں بتاتی ہیں۔ محسوس ہوتا ہے وہ خواتین میری رشتہ دار ہیں۔

 

تعبیر:الحمدللہ خواب مبارک ہے۔ آسمان پر لکھی ہوئی قرآنی آیات دیکھنا اس بات کی بشارت ہے کہ آپ اگر قرآن کریم کو ترجمہ کے ساتھ غور سے پڑھیں تو آپ کے اوپر آیات میں نورانی معنی سے ذہن روشن ہوگا۔ خواب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عوام کو کچھ بتانے اور سمجھانے کے لئے ضروری ہے کہ بندہ یا بندی خود مطمئن ہو۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ کوئی چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی بات ایسی نہیں ہے جس کی قرآن میں وضاحت نہ ہو۔ ارشاد باری تعالیٰ یہ بھی ہے کہ ہم نے قرآن کا سمجھنا آسان کردیا ، ہے کوئی سمجھنے والا۔

خواب میں یہ پیغام ہے کہ آپ قرآن کا ترجمہ نیوٹرل ذہن کے ساتھ پڑھنے کی کوشش کریں تاکہ قرآن کے معانی اور مفہوم غیب سے آپ کے اوپر ظاہر ہوں۔

 آسان طریقہ یہ ہے کہ پہلے چھوٹی چھوٹی سورتوں کا ترجمہ یاد کریں اور آیات کے مفہوم پر نیوٹرل ذہن سے غوروفکر کریں۔ جو باتیں ذہن میں آئیں انہیں ایک کاپی میں لکھ لیں۔

مثال: سورہ فاتحہ کی پہلی آیت الحمد للّٰہ رب العٰلمین سب تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو عالمین کا رب ہے۔ اس آیت کا مفہوم یہ ہے کہ عالم ایک ہماری دنیا ہی نہیں ہے بلکہ لاشمار عالمین ہیں۔ سورہ بقرہ کی پہلی آیت پڑھیے  الم   ۝ذٰلک الکتاب لاریب فیہ یہ کتاب نہیں ہے شک اس میں۔ ھدی للمتقین  یہ کتاب جس میں ہرگز شک نہیں ہے متقی لوگوں کو ہدایت دیتی ہے۔ متقی کون لوگ ہیں؟ متقی لوگوں کی تعریف یہ ہے کہ وہ غیب پر یقین رکھتے ہیں۔یقین کی تعریف میں مشائخ عظام اور علمائے کرام کا ارشاد ہے کہ یقین دیکھنے سے مشروط ہے۔ یقین کو تین عنوانات سے بیان کیا گیا ہے&علم الیقین، عین الیقین اور حق الیقین۔      حق الیقین مشاہدہ کے بعد ہوتا ہے۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (جون                2016ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.