Topics
سلمان، پشاور۔
سوٹ میں ملبوس شخص میرے قریب آکر گھروالوں سے واقفیت کا اظہار کرتا ہے۔ جب دیکھا کہ
میں نے اس کی بات کا اثر قبول نہیں کیا تومتاثر کرنے کے لئے ماورائی علوم کا مظاہرہ
کیا۔ سوچتا ہوں کہ اس کی تواضع کروں۔ بیوی سے کہا تو اس نے چائے پیش نہ کرنے کی وجہ
بتائی۔بیگم کو واپس جاتا دیکھ کر وہ شخص پلنگ کے اوپر ہوا میں اٹھا ۔ میری بیگم کو
اپنے اثر میں لانا چاہتا تھا۔ میں اس کے پیچھے بھاگتے ہوئے اپنے بزرگوں کو زور زور
سے پکارتا ہوں۔ اس شخص کے منہ سے الفاظ کے بجائے لہریں نکل کر بیگم کو گھیرنا چاہتی
ہیں۔
میں اسمائے
الٰہیہ کا ورد کرتے ہوئے دونوں ہاتھ اس کی طرف کرتا ہوں ، ایسی لہریں خارج ہوتی ہیں
جو نظر نہیں آتیں لیکن اس شخص کی لہروں کو واپس اسی کے منہ میں داخل کردیتی ہیں۔ جنگ
کے بعد وہ نیچے گرتا ہے اورکسی جانور کی شکل میں نظر آتا ہے جو زخمی ہے۔ میں مسلسل
اسمائے ربانی کا ورد کرتے ہوئے اس پر پتھر پھینکتا ہوں۔پھر جانور کے اندر سے اس کا
بچہ نکل کر بھاگتا ہے لیکن پتھر لگتے ہی مجسمہ بن جاتا ہے۔ وہاں سے چلا تو غریب خاتون اور گھر نظر آیا۔ لگتا ہے
میں اور میرے گھر والے یہاں رہائش پذیر ہیں۔گھر میں سے خاتون باہر آئیں جن کی طرف بیوی کی توجہ دلائی تو پتہ چلا خاتون صرف مجھے نظر آرہی ہیں۔ پھر خاتون کے شوہر کا جسم مثالی
نظر آیا۔ میں اسے نصیحت کرتا ہوں۔ مسکراہٹ سے لگا کہ وہ اچھی حالت میں ہے۔
تعبیر: کوئی
بیماری پرورش پارہی ہے۔ چاہے یہ بخار ہو، پرہیز کے ساتھ اس کا علاج دلجمعی سے کیجئے
تاکہ پریشانی سے بچاجاسکے۔ لہروں کا دیکھنا اس بات کی علامت
ہے کہ بیماری ابھی ظاہر نہیں ہوئی لیکن شروعات ہوچکی ہے۔ وجوہات صفائی کی کمی اور
پانی پینے میں احتیاط نہ کرنا ہے۔کھانے پینے کی صاف ستھری چیزیں استعمال کریں۔ تجربہ
کار معالج سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ فی الحال نماز کی پابندی کے علاوہ کوئی ورد اور
وظیفہ نہ کیا جائے۔
رشید، کراچی۔ بیوی نے خواب میں ایک دوسرے کی طرف
منہ کئے ہوئے نلکے دیکھے۔ چلو بناکر ایک نل سے پانی پیا تو آواز آئی کہ یہ نل ماورائی
مخلوق کا ہے جس سے پانی پینے والا بیمار ہوجاتا ہے۔آواز سننے سے پہلے حلق سے گھونٹ
اتر چکا تھا۔پھر کسی تیسرے نلکے سے پانی بھرنا شروع کیا جو بہت تیز بہہ رہا تھا۔ آواز
آئی کہ گھر کے پچھلے حصے میں زنانہ اور ڈرائنگ روم میں مردانہ ماورائی مخلوق کی رہائش
ہے۔ بیوی کو صحن میں ایک رنگ کی دو شعاعیں نظر آئیں تو اس کی بہن نے کہا کہ ان روشنیوں
سے صحت اچھی ہو گی۔
بیوی نے یہ بات اپنی والدہ سے کہی مگرانہوں نے روشنیوں
کو ہاتھ لگانے سے منع کردیا اور کہا، سخت نقصان ہوگا۔ آنکھ کھلی اور میں دوبارہ سوگئی۔
ایک اور خواب دیکھا کہ کسی کمرے میں ناپاک کپڑوں کو یہ سوچ کر وہاں سے لے گئی کہ یہاں
اثرات ہیں۔
تعبیر: خاتون خانہ کا نلکے سے پانی پینا، منع ہونا
اور آسیب کی موجودگی کا بتانا، پرانی نسوانی بیماری سے متعلق ہے۔ زنانہ و مردانہ ماورائی
مخلوق کا گھر کے پچھلے حصے اور ڈرائنگ روم میں ہونا علاج میں کوتاہی اور لاپروائی ظاہر
کرتا ہے۔ روشنیوں کو دیکھنا اور ان کے متعلق گفتگو اس طرف راہ نمائی ہے کہ پرہیز کے
ساتھ علاج کیا جائے۔ دوسرا خواب پہلے خواب جیسا ہے لیکن علاج اور پرہیز کے انتباہ کے
ساتھ۔
Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02
خواجہ شمس الدین عظیمی
"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور ماہنامہ قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل ہے"
غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.