Topics
حنا پرویز،
سیالکوٹ۔ کسی کے داخلے کے لئے مختلف جگہوں پر کوشش کررہی ہوں لیکن کام یابی نہیں ہوتی۔
پھرعجیب سی یونی ورسٹی میں جاتی ہوں، میرے ساتھ دو افراد ہیں،وہاں ایک لڑکی سے بات
کرتی ہوں کہ داخلہ کروانا ہے۔ وہ کہتی ہے آپ کو دیر ہوگئی لیکن پھر بھی سوچا جاسکتا
ہے۔میں سوچتی ہوں انہیں کہوں کہ پیسے لے کرداخلہ دے دیں پھر پتہ چلتا ہے کہ یہ جادوگروں
کی جگہ ہے۔ کون سا کورس لیا جائے، اس بارے میں وہ کہتی ہے سب کورس اسی طرح ہیں آپ ان
کی تصویرکھینچ لیں۔وہ کورس اس کی کمر پر لکھے ہوئے ہیں۔ تصویر کھینچنے لگتی ہوں تو
اس کی کمر پر چار قسم کی دالیں نظر آتی ہیں جو پیکٹ میں بند ہیں، ایک باریک، دوسری
مونگ کی دال اور بقیہ دو یاد نہیں۔ ہر پیکٹ کے ساتھ منتر لکھا ہوا ہے۔ مجھے احساس ہے
کہ یہ جگہ صحیح نہیں اور سوچ رہی ہوں کہ کیسے باہر نکلا جائے۔
منظر تبدیل
ہوا اور آلودہ پانی کا تالاب نظر آیا جس میں سانپ اور مختلف رینگنے والے بہت بڑے بڑے
کیڑے ہیں۔ جب ہم باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں تومتعدد لوگ رکاوٹ ڈالتے ہیں اور ہمیں
جانے نہیں دیتے مگر ہم کسی نہ کسی طرح گھر پہنچ گئے ۔ یہ گاؤ ں والا گھر تھا۔صحن میں
تیز بارش ہورہی تھی، سوچتی ہوں کہ بارش تیز ہے مگر میرے اوپر نہیں ہورہی۔ اوپر دیکھا
تو میں درخت کے نیچے کھڑی تھی جس کی وجہ سے بھیگنے سے محفوظ رہی۔ کوئی لڑکی صحن میں
چارپائی پر سورہی ہے اوربارش میں بھیگ چکی ہے۔ چاچو اسے اٹھاتے ہیں مگر وہ نہیں اٹھتی
پھر وہ اس پر چادر پھینکتے ہیں کہ یہ جاگ جائے ۔ وہ جاگتی ہے جیسے نیم مدہوش ہو۔
تعبیر:منفی خیالات کی ہر وقت گردش رہتی ہے۔ جادو ٹونا کوئی
کھیل نہیں ہے۔ یہ ایک علم ہے جس کو استدراج کہتے ہیں ۔ اس علم کو سمجھنے کے قواعدو
ضوابط میں بندے کو غلاظت اوردوسروں کو نقصان پہنچانے کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ رسالوں
میں آپ نے جادوئی کہانیاں پڑھی ہیں ان کے نقوش ذہن پر نقش ہو گئے ہیں۔ وہ نقوش اس وقت
حرکت کرتے ہیں جب سوچ میں منفی رجحانات کا اضافہ ہوتا ہے، وسوسوں کی یلغار ہوتی ہے،
شک پھیل جاتا ہے اور یقین بے یقینی میں تبدیل ہونے لگتا ہے ۔ اثرات یہ مرتب ہوتے ہیں
کہ دماغ میں وسوسوں ، شکوک و شبہات اور غیر یقینی باتوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ جن صاحبہ
نے یہ خواب دیکھا ہے، وہ ان کیفیات سے گزری ہیں یا کبھی گزرتی ہیں ۔
اس کا علاج
کتاب ''روحانی علاج'' میں لکھا ہوا ہے ۔ صاف ستھرا رہنا ضروری ہے۔ روزانہ غسل کیجئے
۔ پانچ وقت نماز کی پابندی کیجئے اور گھر کے کھانوں کے علاوہ باہر کے کھانے نہ کھائیے۔
نمک تین چوتھائی کم کردیں اگر لو بلڈ پریشر نہ ہو۔
Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02
خواجہ شمس الدین عظیمی
"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور ماہنامہ قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل ہے"
غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.