Topics

مرحوم کا اداس آواز میں جواب دینا


&لاعلم&، فیصل آباد۔ مرحوم والد صاحب کو بیٹھے ہوئے دیکھا، ان کی ران میں تقریباًدو انچ چوڑا چار  انچ گہرا زخم ہے، ران کی ہڈی نظر آرہی ہے۔میں  بہت فکرمند اور پریشان ہوکر پوچھتا ہوں ،کیا ہوا ؟  اداس آواز میں کہتے ہیں ’’رسولیاں اور گلٹیاں بنتی تھیں‘‘ کچھ اور بھی کہا جو یاد نہیں رہا۔

 

تعبیر: ایسا لگتا ہے خواب دیکھنے والے صاحب پر مایوسی کا غلبہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے

 لاتقنطوا من رحمۃاللّٰہ(الزمر:۵۳)

 اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اس لئے کہ رحیم و کریم اللہ ماں سے ستر گنا زیادہ محبت کرتا ہے۔ امیدیں روشن ہونے سے دل مطمئن رہتا ہے۔

اللہ تعالیٰ کی رحمت اور محبت پر غور کیا جائے تو سورج کی روشنی، چاند کی چاندنی اور رات کی تاریکی (جب کہ تاریکی بھی روشنی ہے) میں رحمت ہی رحمت نظر آتی ہے۔ انسان جب اللہ کی خالقیت، ربوبیت اور رحمت سے یقین کی حد تک واقف ہوجاتا ہے تو اس کے اوپر سے خوف اور غم دونوں ختم ہوجاتے ہیں۔

 الا ان اولیاء اللہ لا خوف علیھم ولا ھم یحزنون(یونس:۶۲)۔

 والد مرحوم  پر قرض ہے جس کی ادائیگی نہیں ہوئی، قرض  میں حقوق العباد کا پورا نہ ہونا بھی ہے۔ ایصال ثواب کیجیے اور معلومات  کے نتیجہ میں حقوق کی ادائیگی  کیجیے یا معاف کرنے کی درخواست کیجیے ۔خواب کی تعبیر ماموں جان کو بھی بتادیجیے۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘                  (جنوری                2017ء)

 

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.