Topics

ڈاکٹر میرا انتظار کرتا ہے


 محترم! میں ایک خواب کی تعبیر معلوم کرنا چاہتی ہوں۔ خوا ب کچھ یوں ہے کہ ایک مرتبہ میں اپنی امی کے ساتھ کسی اسپتال میں جاتی ہوں۔وہاں پر موجود تمام مریض اٹھ کر چلے جاتے ہیں اور میں ڈاکٹر کے پاس چلی جاتی ہوں ۔ وہ ڈاکٹر بھی مجھے اچھی طرح جانتا ہے اچانک ڈاکٹر مجھے کہتا ہے کہ دروازہ بند کر آؤں ۔ میں کہتی ہوں کہ آپ بیٹھیں میں خود بند کرآتی ہوں ۔ ڈاکٹر راضی ہو جاتا ہے اور میں اٹھ کر دروازہ بند کرنے چل دیتی ہوں۔ اچانک میرے دل میں ایک برا سا خیال آتا ہے اور میں ڈاکٹر کو کہتی ہوں کہ میں ذرا باہر د روازے سے بجلی کا تار اٹھا لاؤں جو آتے میں گرا آئی تھی پھر میں تار اٹھا کر وہاں سے بھاگ آتی ہوں اور اپنے گھر کے نزدیک پہنچ کر رک جاتی ہوں کہ دفعتاً ایک گلی میں سے وہی ڈاکٹر نکلتا ہے اور میں حیران رہ جا تی ہوں کہ میں تو ابھی اس کو اسپتال چھوڑ کر آئی ہوں ۔ اتنے میں ڈاکٹر میرے بالکل قریب آجاتا ہے اور کہتا ہے کہ تم وہاں سے بھاگ کیوں آئیں میں تمہارا انتظار ہی کرتا رہا ۔

 تعبیر: آپ کسی لڑکے کو ٹوٹ کر چاہتی ہیں جب کہ وہ لڑکا اس معاملہ میں قطعاً سنجیدہ نہیں ہے ۔ دن رات آپ اس کے انتظار میں رہتی ہیں ۔ یہ محض سراب ہے وہ لڑکا ہر گز آپ سے مانوس نہیں ہے ۔ ایسا ہر گز نہ کیجئے کہ آپ کا کوئی رشتہ آئے اور آپ منع کر دیں خواب کے سارے نقوش بالکل واضح ہیں کہ اس لڑکے کے ساتھ آپ کی شادی کا امکان نہیں ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (ستمبر 80 ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.