Topics

دودھ میں پانی


ناصرہ خاتون:ایک چھوٹی بچی برتن میں سفید مائع لائی جسے دودھ سمجھ کر رکھا۔ اس پرسفید جھاگ ہے۔تھوڑی دیر بعد رنگ تبدیل ہوگیا۔ اس دھوکے کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہے پھر غصہ آتا ہے۔ اس محلول کو لے کر باہر جاتی ہوں تاکہ بتاؤں کہ مجھے دھوکا دیا گیا ہے۔ اتنے میں محلول خشک ذرّات میں تبدیل ہوکر غائب ہوجاتا ہے۔ ثبوت مٹنے پر پریشانی ہوتی ہے۔ پھر دودھ ابالنے رکھا تو ہاتھ میں موجود گلاب کے پھول کی ایک دو پتیاں دودھ میں گرگئیں۔ یہ سوچ کر کہ گلاب مفید ہوتا ہے، مزید پتیاں ڈالیں تو دودھ کی سفیدی نیچے بیٹھ گئی، صرف پانی رہ گیا۔ پریشانی میں کمرے کے اندر گئی تو وہاں امی، ایک کزن اور کئی مہمان موجود ہیں۔ کزن سے چائے بنانے کا کہتی ہوں تو وہ کہتی ہے کہ دودھ پانی بن گیا ہے، چائے کیسے بناؤں؟ واپس باورچی خانہ گئی تو ایک لڑکی ہاتھ میں دودھ کا   کپ لئے کچھ کھارہی ہے جب کہ کچن میں جگہ جگہ دودھ پڑا ہے۔سمجھ میں نہیں آرہا کہ یہ انجان لڑکی اجازت کے بغیر دودھ کیسے پی رہی ہے اور دودھ کہاں سے آیا ۔

 

تعبیر : خواب قابل ِ توجہ ہے۔ دودھ کا پانی بننا اور پانی کا دودھ بننا اور گلاب کی پتیاں دودھ میں تیرتے ہوئے دیکھنا ایسی تصویریں ہیں جن میں چون و چرا  کا عمل دخل ہے ۔ آپ کے ذہن میں شک اور وسوسے کی فلم چلتی ہوئی نظر آتی ہے اور یہ عادت یقین کی کمی سے ہوتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ کی ذات پر یقین بحال کیجئے، الوژن کے اثرات ختم ہو جائیں گے اور آپ کے اوپر یقین کی دنیا روشن ہو گی، انشاءاﷲ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘(ستمبر2023ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.