Topics

جھولا جھولتے دیکھا


ناہید اسلم ، چنیوٹ۔ میں نے خواب میں خود کو بہت اونچائی پر جھولا جھولتے دیکھا ۔ جھولا بہت سجا ہوا اور خوبصورت ہے ۔ میرے ساتھ والے جھولوں پر میری تینوں بہنیں بیٹھی جھول رہی ہیں اچانک میری بڑی بہن کے جھولے کی زنجیریں میرے جھولے کی زنجیروں سے الجھ جاتی ہیں ۔ جسے ہم چھڑا لیتی ہیں اور پھر اونچائی پر چڑھانے لگتی ہیں ۔بہت سی عورتیں اور لڑکیاں ہمیں دیکھ رہی ہیں ۔

اس کے بعد دیکھا کہ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ کسی زیار ت گاہ پر جارہی ہوں ۔ جو ایک وسیع دریا کی دوسری طرف ہے ۔ ہم سب الگ الگ ہوا کی بھری ہوئی ٹیوب پر سوار ہیں اور یہ سب ٹیوب ایک دوسرے کے ساتھ رسیوں سے بندھی ہوئی ہیں ۔ اور ایک سیدھ میں ایک دوسرے کے پیچھے تیر رہی ہیں ۔ ہماری طرح اور بہت سے لوگ ایسی ہی ٹیوب پر سوار ہیں ۔ کافی دیر یوں ہی تیرنے کے بعد ایک پلیٹ فارم آتا ہے جو کہ دریا میں ہی ایک طرف بنا ہوا ہے ۔ سب لوگوں کی طرح ہم بھی ان ٹیوبوں سے اتر کر اس پلیٹ فارم پر بیٹھ جاتے ہیں اور تھوڑی دیر آرام کرنے کے بعد پھر دوبارہ اپنی اپنی ٹیوبوں پر بیٹھ کر تیرنے لگتے ہیں ۔ اچانک مخالف سمت سے تیز ہوا چلنے لگتی ہے ۔ ہوا کی بھری ہوئی ٹیوب جس پر ہم بیٹھے ہوئے ہیں ہلنے لگتی ہیں اور الٹی سمت بہنے لگتی ہیں ۔ میں سوچتی ہوں کہ اب شاید ہم ڈوب جائیں گے اور زندہ نہ بچ سکیں گے ۔

 تعبیر : آپ کے اندر روحانی صلاحیتیں اس بات کی طرف متوجہ کررہی ہیں کہ آپ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہو کر عرفان کی دولت سے مالا مال ہوسکتی ہیں ۔ خواب میں بتایا گیا ہے کہ آپ سے نمازیں قضا ہوجاتی ہیں جس کو آپ کی روح بہت زیادہ محسوس کرتی ہے ۔

’’روحانی ڈائجسٹ ‘‘ (فروری 78ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.