Topics
نام شائع نہ کیا جائے، کراچی: کچھ عرصہ پہلے ڈائری میں رحم دلی کے نام سے ایک
نقشہ بنایا تھا۔ خواب میں دیکھا کہ کسی صاحب نے وہی نقشہ حضور قلندر بابا اولیا ؒ کی
خدمت میں میرے نام کے ساتھ پیش کیا۔ منظر بدلا اور خود کو ایک بزرگ کی خدمت میں
مصروف دیکھا۔ بزرگ نے کوئی بات کی تو میں ان کے قریب ہوگیا۔ مجھے تخت پر بٹھا کر
ایک ہاتھ میرے سینے اور دوسرا ہاتھ کمر پر رکھ کر انہوں نے کچھ پڑھا۔ اس میں اتنی
دیر لگی کہ ملاقات کے لئے کئی مہمان آگئے۔بزرگ ان کی طرف متوجہ ہوئے تو میں اجازت
لے کر اپنے کام میں مشغول ہوگیا۔
تعبیر: آپ نے جو خواب دیکھا ہے اس پرغور
کیجئے۔ سینے اور کمر پر ہاتھ رکھنا اور دم کرنا، یہ نقوش اس صلاحیت کی طرف دلالت
کرتے ہیں جو آپ کے اندر روحانی تقاضوں کو بیدار کرسکتے ہیں لیکن اس علم کو سیکھنے
کے لئے استاد کی ہر بات پر بلاچون و چراعمل کرنا ضروری ہے۔ بچہ اسکول میں داخل
ہوتا ہے۔ استاد الف ب ج پڑھاتا ہے۔ اگربچہ الف ب ج پڑھنے کے بجائے یہ پوچھے کہ الف
کیوں، الف ب کیوں نہیں، ب الف کیوں نہیں ، نتیجہ آپ خود اخذ کرلیجئے۔
Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02
خواجہ شمس الدین عظیمی
"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور ماہنامہ قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل ہے"
غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.