Topics

اُس عالم سے واپسی


حارث غوری۔ مراقبہ ہال کے گیٹ پر پہنچا تو ایک صاحب باہر آئے جنہیں سہارا دیتا ہوں۔ ان کے کہنے پر انگلی سے زمین پر اعداد میں کچھ لکھتاہوں۔ منظر بدلا اور ایک عمارت میں انہی صاحب کے ساتھ موجود ہوں۔ ہم آگے بڑھے تو دائیں طرف کچھ لوگ بیٹھے الہامی کتابیں پڑھ رہے تھے۔ مجھے بتایا گیا کہ ہر مذہب کے لوگوں کو الہامی کتابوں سے فیض مل رہا ہے۔ مزید آگے گئے تو میرے ہم راہی اپنے ہاتھوں کو اوپر نیچے حرکت دیتے ہیں جس سے دھواں سا آجاتا ہے، محسوس ہوا کہ انہوں نے نظر اتاری ہے۔ وہ اپنے سر سے کوئی شے اتار کر دیتے ہیں جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، اس کا حجم تقر یباً ایک انچ ،کاسہ کی مانند اور اوپر سے بند ہے۔ اسے سر پر رکھتے ہی اس میں سے بہت پانی نکلتا ہے جسے نیچے گرنے سے بچانے کے لئے میں پینا شروع کرتا ہوں اور پیتے ہی وہ ختم ہوجاتا ہے۔کچھ فاصلہ پر چند لوگ بیٹھے ہیں جن میں سے ایک قریب آکر غصہ سے دیکھتا ہے۔ خیال آیا یہ انسان نہیں ہے۔ دور بیٹھاایک شخص قریب آنے کا اشارہ کرتا ہے تو فوراً ایک خاتون نظر آئیں جو بہت اچھے انداز میں کہتی ہیں کہ آپ کے یہاں سے جانے کا وقت ہوگیا ہے۔میں کہتاہوں، ٹھیک ہے لیکن واپسی کیسے ہو کیوں کہ جن کے ساتھ آیا تھا وہ موجود نہیں ہیں۔ خاتون کہتی ہیں 41 مرتبہ فلاں آیت پڑھیں۔ میں مسکراکر پوچھتا ہوں کہ کون سی آیت؟ وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں کہ سیدنا حضور پاکؐ کے وسیلہ سے اس عالم سے واپسی ممکن ہے۔ یہ سنتے ہی احساس ہوا کہ ایک کونے میں کھڑا ہوں، آنکھیں بند کرکے درود خضری پڑھتے ہوئے خلوص دل سے حضور پاکؐ کے وسیلہ سے بارگاہ رب العزت میں دعا کرتا ہوں۔ ان خاتون کی آواز آتی ہے کہ ہاں اب آپ مثالی دنیا تک پہنچ گئے ہیں۔ درود شریف کا ورد جاری ہے۔ کچھ دیر بعد آنکھیں کھول کر دیکھتا ہوں تو قبرستان میں کسی بزرگ کی قبر کے پاس کھڑا ہوں۔ لوگ آرہے ہیں اور فاتحہ پڑھ رہے ہیں۔میں ایک طرف ہوگیا۔ آنکھ کھلی تو فجر کا وقت تھا۔

 

تعبیر : ظاہر ہو تا ہے کہ آپ خدمت خلق کر تے ہیں اور یہ عمل اللہ تعالیٰ اور حضور پاکؐ کو پسند ہے۔ آپ نے جس دنیا میں خود کو دیکھا ہے وہ عالم اعراف ہے ۔ عالم اعراف وہ مقام ہے اس دنیا کے بعد ہم جہاں رہتے ہیں۔ مخلصانہ خدمت خلق اور درود شریف کی برکت سے آپ نے عالم اعراف (اس دنیا کے بعد کا عالم ) کی سیر کی ہے جو سعادت کی بات ہے۔ الحمد للہ خواب مبارک ہے ، آپ نے مرنے کے بعد کی دنیا کی سیر کی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان صاحب خدمت لوگوں سے محبت کر تے ہیں جو مخلوق کی مخلصانہ خدمت انجام دیتے ہیں ۔

’’ماہنامہ قلندر شعور‘‘ (جون 2019ء)

Topics


Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02

خواجہ شمس الدین عظیمی


"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور  ماہنامہ  قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل  ہے"


غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.