Topics
ہمارے فلیٹ کے سامنے ایک ٹیلہ ہے۔ جہاں پر اب
مکانات تعمیر ہو گئے ہیں۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ اس ٹیلے پر صرف ایک جھونپڑی ہے
جو آگ کی لپیٹ میں ہے۔ ہر طرف سناٹا ہے۔ آس پڑوس کے لوگ اپنے اپنے دروازے بند کر
کے سو رہے ہیں۔ میں نے آگ بجھانا شروع کر دی۔ کچھ مٹی ڈال کر بجھاتا ہوں اور کچھ
لکڑی سے دباتا ہوں۔ آگ کم ہو جاتی ہے تو میں سوچتا ہوں کہ اس واقعے کی اطلاع پڑوسیوں
کو بھی کر دوں۔ ایک دروازے پر دستک دیتا ہوں۔ ایک لڑکی باہر آتی ہے پھر میں اپنے
فلیٹ میں چلا جاتا ہوں اور وہاں سے پانی لا کر جلتی ہوئی آگ کے اوپر ڈال دیتا
ہوں۔
تعبیر: عزیز بھائی! خواب بہت مبارک ہے۔ آپ دوسروں کی ضروریات اور مشکلات میں مدد
کرنا چاہتے ہیں اور دوسرے لوگ اس کام میں آپ سے تعاون نہیں کرتے تو فکر نہ کیجئے۔
اللہ کے بھروسہ پر جو کچھ کرنا ہے ضرور کیجئے کامیابی ہو گی۔ دوسرے لوگ بھی آپ کے
ساتھ تعاون کریں گے۔
دستک دینے کے بعد دروازہ کھول کر لڑکی کا باہر آنا اس بات کی علامت ہے کہ آپ اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے اور لوگ آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
Aap ke Khwab aur unki tabeer jild 02
خواجہ شمس الدین عظیمی
"مذکورہ مسودہ روحانی ڈائجسٹ اور ماہنامہ قلندر شعور میں شائع شدہ خواب اور تعبیر ،مشورے اور تجزیوں پر مشتمل ہے"
غیب کی دنیا سے متعارف ہونے کے لئے غیب کی دنیا پر یقین رکھنا ضروری ہے اور یقین کی تکمیل دیکھے بغیر نہیں ہوتی۔ جب تک ہمیں کسی چیز کا علم نہ ہو دیکھ کر بھی ہمارے اوپر یقین کی دنیا روشن نہیں ہوتی۔سب درخت کو دیکھتے ہیں تو پتیاں پھول رنگ سب کچھ آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔ درخت دیکھنے سے پہلے ہم جانتے ہیں کہ ہماری آنکھوں کے سامنے درخت ہے۔ اگر ہم درخت کے وجود کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں تو درخت کے بارے میں کچھ نہیں بتاسکتے.