Topics

آسیب کا علاج

سوال:  میں آپ کے پاس اپنی پریشانی کا حل ڈھونڈنے حاضر ہوئی ہوں۔ میری عمر اس وقت 38سال ہے۔ غیر شادی شدہ ہوں اور ایک اسکول میں پڑھاتی ہوں۔ میرے ساتھ ڈھائی سال قبل بہت عجیب اور تکلیف دہ باتوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ اس زمانے میں میرے رشتے کی بات چل رہی تھی۔ بات تقریباً طے تھی اور اس شخص سے طے ہو رہی تھی جس سے تقریباً اٹھارہ سال قبل میری اور اس کی خواہش کے باوجود شادی نہ ہو سکی تھی۔ میں بہت خوش تھی۔ لیکن اچانک ایک دن دوپہر کو میرے تکیے کے نیچے سے ایک فحش کتاب برآمد ہوئی۔ جو ظاہر ہے ہمارے گھر کی نہیں تھی۔ نہ کوئی ہمارے گھر اس قسم کی کتابیں پڑھتا ہے۔ میں نے وہ کتاب گھر والوں کو دکھائی سب ہی پریشان ہوئے۔ اسی رات سوتے وقت مجھے اپنے ساتھ کسی کی موجودگی کا صاف احساس ہوا اور میں نے غنودگی کی کیفیت میں بہت ڈراؤنی شکل بھی دیکھی اور اس کی سانسوں کی آواز بھی اپنی گردن کے پاس محسوس کی۔ میں سخت خوفزدہ ہو گئی۔ میرے ساتھ جو ہوتا تھا وہ میں کسی سے بیان بھی نہیں کر سکتی تھی۔ اسی دوران میری شادی کا سلسلہ کسی معقول وجہ کے بغیر ختم ہو گیا اور میرے ساتھ یہ واقعات تقریباً روزانہ پیش آنے لگے۔ آپ میرے خوف کا اندازہ نہیں کر سکتے مجھ پر دو مصیبتیں پڑ گئیں۔ ایک شادی نہ ہونے کی اور دوسرے جو میں کسی سے کہہ نہیں سکتی تھی۔ میری صحت دن بدن گرتی چلی گئی۔ میرے کپڑے اکثر پھٹے ہوئے ہوتے، میں راتوں کو خوف سے جاگتی رہتی۔ بہرحال ایک عامل صاحب میرا علاج کرتے رہے۔ فائدہ بھی ہوا لیکن مکمل طور پر نہیں۔ اس دوران میری ذاتی ڈائریاں غائب ہو گئیں۔ انہوں نے دعا پڑھنے کو دی۔ اس سے ایک تو مل گئی مگر دوسری ابھی تک غائب ہے۔ جو ملی اس میں میرے کچھ کارڈ رکھے تھے جو میرے تھے۔ ان کے اوپر بے ہودہ تحریر لکھی ہوئی ملی۔ عامل صاحب کو دکھایا تو کہنے لگے کہ کسی انسان کی تحریر نہیں ہے۔ پھر انہوں نے بھی میرا مزید علاج کرنے سے معذرت کر لی اس کے بعد ایک اور عامل صاحب کے پاس گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ سحر ہے۔ مجھے نہیں معلوم عظیمی صاحب! یہ سب کیا ہے۔ مگر میں اس تکلیف دہ صورت حال سے باہر نکلنا چاہتی ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میری شادی وہاں نہ ہونے میں اسی چیز کا دخل ہے۔ پہلے رشتے آتے نہ تھے اور آتے تھے تو ایک بار کے بعد پلٹ کر کوئی دوبارہ نہیں آتا تھا۔ میں ایک نارمل انسان کی طرح زندگی گزارنا چاہتی ہوں مگر اس کیفیت سے ابھی تک مکمل طور پر چھٹکارہ نہیں ملا ہے۔ کسی سے کچھ کہہ نہیں سکتی کہ لوگ پتہ نہیں میرے بارے میں کیا خیال کریں گے۔ آپ للہ میری مدد کیجئے۔ عامل صاحب کہتے ہیں کہ اس کا اتار کرنا پڑے گا مجھے آنکھیں بند کرنے پر نیلی شعاعیں دکھائی دیتی تھیں جن سے مجھے بہت سخت تکلیف ہوتی تھی۔ اب یہ کیفیت بھی بہت کم ہے۔ ایک بزرگ نے تعویذ دیا تھا شہد میں ڈال کر کھانے کے لئے۔ اس سے بہت فائدہ ہے لیکن اب میں سب چیزوں سے اکتا چکی ہوں۔ میرا وقت اور پیسہ دونوں بہت ضائع ہوئے ہیں۔ کسی وقت دل چاہتا ہے کہ کچھ کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لوں۔ اب میرے ساتھ یہ ہوتا ہے کہ مجھے بیٹھے بیٹھے سخت گرمی لگتی ہے۔ یہ گرمی جسم کے اندر محسوس ہوتی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے اندر آگ لگی ہے۔ ہاتھ پیر جلتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں اور دل چاہتا ہے کہ کپڑے پھاڑ کر باہر نکل جاؤں۔ رات کو اکثر بے چینی ہوتی ہے کہ بیان نہیں کر سکتی۔ خدا کے لئے مجھے اس عذاب سے چھٹکارا دلوا دیجئے۔ تا عمر آپ کی احسان مند رہوں گی۔ آپ کے پاس بہت امیدیں لے کر آئی ہوں۔ امید ہے کہ آپ مایوس نہیں لوٹائیں گے۔ آپ اپنی دعاؤں میں مجھے یاد رکھیئے گا۔

جواب: کتاب روحانی علاج لے کر پہلے اس کتاب کے عملیات کے لئے اجازت کا عمل کریں۔ جو کتاب میں تفصیل سے لکھا ہوا ہے۔ دو روپے خیرات کریں۔ اس کے بعد آسیب کا علاج کریں۔ کتاب میں جس طرح لکھا ہوا ہے اس کے مطابق عمل کریں اور پرہیز بھی کریں۔ تین وقت ایک چمچہ شہد کے اوپر بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ بِسْمِ اللّٰہِ اَلْوَاسِعُ جَلَّ جَلَالُہٗ بَدِیْعُ الْعَجَاءِبِ بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعُ یَاحَفِیْظ یَا شَاَفِیْ یَا کَافِیْ پڑھ کر دم کر کے کھائیں۔ کھانوں میں نمک کم سے کم کر دیں۔ زیادہ مناسب ہے کہ بیس دن تک نمک نہ کھائیں۔ لیکن پہلے یہ تحقیق کر لیں کہ بلڈ پریشر لو(Low) نہ ہو۔ چالیس روز کے اس علاج اور پرہیز سے انشاء اللہ آپ کی شکایت کا ازالہ ہو جائے گا۔ آپ نے فیس کی پیش کش کی ہے اس کے لئے شکریہ۔ آپ جب صحت مند ہو جائیں کھانا پکا کر غریبوں کو کھلا دیں۔ اولیاء اللہ کی ارواح کو ایصال ثواب کر دیں۔

Topics


Khawateen Ke Masil

خواجہ شمس الدین عظیمی


حضرت خواجہ الشیخ عظیمی صاحب کو لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے متعلق ہر ماہ تقریباً 15ہزار خطوط موصول ہوتے ہیں۔ جن کا جواب بلا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ روزنامہ جنگ میں ایک کالم “روحانی ڈاک” کے نام سے مرشد کریم نے 25سال سے زیادہ عرصہ لکھا اور یہ کتاب اسی روحانی ڈاک سے تیار کی گئی ہے۔ میرے مرشد کریم اس وقت 32سے زائد کتابوں اور 72سے زائد کتابچوں کے مصنف ہیں۔میرے مرشد کریم سلسلہ عظیمیہ کے خانوادہ ہیں۔ اور 21بزرگان دین سے بطریق اویسیہ اور براہ راست آپ کو فیض منتقل ہوا ہے۔ اس کی تفصیل آپ میری کتاب “میں اور میرا مرشد” میں پڑھیں گے۔میرے مرشد کریم فرماتے ہیں کہ جتنے مسائل و مشکلات اور بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا تعلق عقیدہ کی کمزوری سے ہے اور عقیدہ کی کمزوری مادہ پرستی سے ہوتی ہے۔ ہر شخص اس بات کو جانتا ہے کہ آج کے دور میں مادیت انسان کی اتنی بڑی کمزوری بن گئی ہے کہ ہر انسان مادی کشمکش میں مبتلا ہو کر اپنی روح سے دور ہو گیا ہے۔ اور جیسے جیسے روح سے دوری واقع ہوئی اسی مناسبت سے انسان شک اور وسوسوں کی آماجگاہ بن گیا۔ اب سے 70سال پہلے انسان کے اندر جو یقین تھا وہ اب نظر نہیں آتا۔ پہلے انسان جس سکون سے آشنا تھا۔ وہ اب کہیں نظر نہیں آتا۔ انسان نے جس قدر سائنسی ترقی کی ہے اسی قدر وہ مذہب سے دور ہو گیا ہے۔ اور اس کا عقیدہ کمزور ہو گیا ہے۔ س