Topics

ٹونسلزخراب ہیں

سوال:  میں مسائل کی گٹھڑی لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئی ہوں۔ میں جب نویں یا دسویں کلاس میں تھی تو میرے چہرے پر کافی دانے اور کیلیں نکل آئی تھیں جو کہ ماتھے پر زیادہ ہوتی تھیں۔ میں انہیں نکال دیا کرتی تھی۔ اس دوران طرح طرح کے نسخے آزمائے، مگر اب جبکہ میں بی ایس سی میں پہنچ چکی ہوں، کیلیں اور دانے تو کم ہو گئے ہیں مگر نکلتے اب بھی رہتے ہیں۔ میرے چہرے پر دانوں کے نشان اس طرح پڑ گئے ہیں جیسے چیچک نکلی ہو۔ کالے کالے نشان اور چھوٹے چھوٹے گڑھے پڑ گئے ہیں۔ گرمیوں میں ایسا لگتا ہے کہ چہرے سے تیل نکل رہا ہے۔ کالے نشان گالوں اور ٹھوڑی پر زیادہ ہیں۔

دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ 3سال پہلے میرے بال چولہے سے جل گئے تھے جو میں نے نیچے سے کٹوا دیئے۔ پھر اس قدر تیزی سے بال جھڑتے چلے گئے کہ اب چوتھائی بال بھی نہیں رہے۔ خشکی سر میں الگ ہو گئی ہے اور نیچے سے بالوں کے دو دو منہ نکل آتے ہیں۔ میں خالص کھوپرے کے تیل میں ہومیو پیتھک دوا ڈال کر استعمال کر رہی ہوں مگر نہ سر کی خشکی ختم ہو رہی ہے اور نہ بال جھڑنا بند ہو رہے ہیں۔

تیسری الجھن یہ ہے کہ جب میں صبح یا دن میں یا سورج کی روشنی میں پڑھتی ہوں تو کاپی کے اوپر کالے باریک باریک سے نشانات گردش کرنے لگتے ہیں۔ میں جب کاپی پر سیدھی آنکھ بند کر کے دیکھوں تو ایک خاص قسم کے نشانات کاپی پر نظر آتے ہیں اور اگر الٹی آنکھ بند کر کے دیکھوں تو دوسری طرح کے نشانات کاپی پر دوڑنے لگتے ہیں۔ ایک سال پہلے مجھے لگتا تھا کہ یہ نشانات نیچے کی طرف گر رہے ہیں۔ مگر اب تو جدھر آنکھوں کو گھماؤں یہ نشانات وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ اس سے میری پڑھائی میں بھی حرج پڑتا ہے۔ میں پڑھنے کے بجائے ان لکیروں کا کھیل دیکھنے میں لگ جاتی ہوں اور اگر آنکھوں کو دیوار تکئے یا چھت پر مرکوز کر دوں تو یہ نشان وہاں بھی پہنچ جاتے ہیں۔ ایک مرتبہ میں دن میں آسمان کی طرف غور سے دیکھ رہی تھی تو مجھے لگا کہ جیسے چھوٹے چھوٹے سفید نقطوں کا ایک جال میرے سامنے ہے۔ مجھے یہ سوچ کر ہنسی بھی آئی کہ مجھے دن میں تارے کیوں نظر آ رہے ہیں۔ رات کے وقت یہ نشان اتنے زیادہ نظر نہیں آتے صرف الٹی آنکھ والا نشان نظر آتا ہے اور وہ بھی گہرا نہیں ہوتا۔

جواب: چہرے پر دانوں کا مسئلہ یوں ہے کہ آپ نے شروع سے احتیاط نہیں کی۔ اور آپ دانوں کو توڑتی رہیں جس کے نتیجے میں دانوں کی جگہ داغ باقی رہ گئے۔ دانے نکلنے کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ غذاؤں میں اعتدال قائم نہیں رکھا گیا۔ انڈوں، کھٹاس، چائے اور چکنائی کا زیادہ استعمال کیا گیا ہے۔

آنکھوں کے سامنے لکیروں کے رقص کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ آپ کا گلا خراب ہے اور بدپرہیزی کی بناء پر ٹونسلز خراب ہیں۔ ٹونسلز خراب ہونے سے کئی پیچیدہ بیماریاں پیدا ہو جاتی ہیں مثلاً قبض، السر، پیچش، گردوں کی تکلیف، پائیوریا، جریان، لیکوریا وغیرہ۔ آپ ٹونسلز کا علاج کریں انشاء اللہ آپ کی بیان کردہ شکایات رفع ہو جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔ چہرے پر سے داغ دھبے دور کرنے کی فکر بعد میں کریں۔ پہلے گلے کا علاج کریں۔ ورنہ خدانخواستہ کئی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔ علاج کے ساتھ پرہیز بھی ضروری ہے۔ ناریل کا تیل سر میں جذب کرنا آپ کے لئے مفید نہیں ہے۔ املتاس کا گودا ایک چمچ دودھ میں پکا کر چھان کر رات کو اور صبح غرارے 21روز تک کریں۔

Topics


Khawateen Ke Masil

خواجہ شمس الدین عظیمی


حضرت خواجہ الشیخ عظیمی صاحب کو لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے متعلق ہر ماہ تقریباً 15ہزار خطوط موصول ہوتے ہیں۔ جن کا جواب بلا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ روزنامہ جنگ میں ایک کالم “روحانی ڈاک” کے نام سے مرشد کریم نے 25سال سے زیادہ عرصہ لکھا اور یہ کتاب اسی روحانی ڈاک سے تیار کی گئی ہے۔ میرے مرشد کریم اس وقت 32سے زائد کتابوں اور 72سے زائد کتابچوں کے مصنف ہیں۔میرے مرشد کریم سلسلہ عظیمیہ کے خانوادہ ہیں۔ اور 21بزرگان دین سے بطریق اویسیہ اور براہ راست آپ کو فیض منتقل ہوا ہے۔ اس کی تفصیل آپ میری کتاب “میں اور میرا مرشد” میں پڑھیں گے۔میرے مرشد کریم فرماتے ہیں کہ جتنے مسائل و مشکلات اور بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا تعلق عقیدہ کی کمزوری سے ہے اور عقیدہ کی کمزوری مادہ پرستی سے ہوتی ہے۔ ہر شخص اس بات کو جانتا ہے کہ آج کے دور میں مادیت انسان کی اتنی بڑی کمزوری بن گئی ہے کہ ہر انسان مادی کشمکش میں مبتلا ہو کر اپنی روح سے دور ہو گیا ہے۔ اور جیسے جیسے روح سے دوری واقع ہوئی اسی مناسبت سے انسان شک اور وسوسوں کی آماجگاہ بن گیا۔ اب سے 70سال پہلے انسان کے اندر جو یقین تھا وہ اب نظر نہیں آتا۔ پہلے انسان جس سکون سے آشنا تھا۔ وہ اب کہیں نظر نہیں آتا۔ انسان نے جس قدر سائنسی ترقی کی ہے اسی قدر وہ مذہب سے دور ہو گیا ہے۔ اور اس کا عقیدہ کمزور ہو گیا ہے۔ س