Topics
میری کہانی کچھ اس طرح ہے کہ ہم بہن بھائی
بہت چھوٹے تھے کہ ماں فوت ہو گئی۔ اس کے بعد ابا نے دوسری شادی کی۔ ہمارے اوپر جتنے
ظلم کرنے تھے سب نے کئے۔ گویا نئی ماں کے اور اس کے بچوں کے نوکر تھے۔
ہم بہنوں کی شادی ہو گئی۔ ساس کو ہمیں تکلیفیں
دے کر بہت راحت ملتی ہے۔ خاوند گڈو بادشاہ ہیں۔ نند جو جی میں آتا ہے کہہ جاتی ہیں۔
خاوند کو مطلب کے بغیر بیوی نظر ہی نہیں آتی۔ پریشان رہ کر سو بیماریاں لگ گئی ہیں۔
یا حی یا قیوم پڑھنے سے دل کو کچھ سکون ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بچے دے دیئے ہیں۔ بچوں
کی خاطر اپنی زندگی قربان کی ہے کہ ان سے خوشیاں مل جائیں تو سمجھیں گے کہ کبھی کوئی
پریشانی نہیں آئی لیکن بچے بے حد نافرمان ہیں۔ ہر وقت جھگڑتے اور آپس میں دھینگا مشتی
کرتے ہیں۔ نماز کا انہیں پتہ نہیں۔ پڑھائی سے جی چراتے ہیں۔ ہمارا کہنا بالکل نہیں
مانتے چیخ چیخ کر بولتے ہیں۔ ایسے میں جب کہ ہمارا آخری سہارا یہی تھا کہ بچے ہی اپنے
ہوں گے۔ آپ خود ہی سوچیں کہ پھر ہماری زندگی کیا ہے۔ کچھ بھی نہیں۔ پیار نام کی چیز
ہم نے نہیں دیکھی۔
آپ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا واسطہ،
ان کے صدقہ میں ہماری فریاد سن لیں۔ میں نے پہلے بھی مراقبہ میں بچوں کے لئے دعا کا
لکھا تھا، اب پھر لکھ رہی ہوں کہ بچوں کے لئے مراقبہ میں دعا کریں اور روحانی ڈائجسٹ
میں جواب دیں۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ بہت مصروف ہیں لیکن میرے لئے کچھ ٹائم دے دیں تو بڑی
نوازش ہو گی۔ آپ کو دکھ سنا کر ہلکا پن محسوس کر رہی ہوں۔
جواب: کسی سے ہرگز توقع قائم نہ کریں توقع
صرف اور صرف اللہ سے قائم کریں۔ بچوں کی تربیت یہ سوچ کر کریں کہ آپ کو اللہ نے بچے
اس لئے دیئے ہیں کہ اللہ آپ سے ان کی تربیت کرانا چاہتا ہے، بچوں سے محبت کریں اور
ان سے خوش اخلاقی سے بات کریں۔ ہر وقت کی ڈانٹ ڈپٹ اچھی نہیں ہوتی۔ انشاء اللہ بچے
نیک اور سعادت مند نکلیں گے۔ رات کو جب وہ سو جائیں تو ایک بار سورہ کوثر پڑھ کر پھونک
مار دیا کریں۔ کھانا اور ناشتہ ہمیشہ بچوں کو ساتھ کرائیں۔ الگ الگ کھانا نہ دیں۔ بچوں
کی عمر کے مطابق انہیں چھوٹی چھوٹی چیزیں لا کر دیں۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
حضرت
خواجہ الشیخ عظیمی صاحب کو لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے متعلق ہر ماہ تقریباً 15ہزار
خطوط موصول ہوتے ہیں۔ جن کا جواب بلا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ روزنامہ جنگ میں ایک کالم
“روحانی ڈاک” کے نام سے مرشد کریم نے 25سال سے زیادہ عرصہ لکھا اور یہ کتاب اسی روحانی
ڈاک سے تیار کی گئی ہے۔ میرے مرشد کریم اس وقت 32سے زائد کتابوں اور 72سے زائد کتابچوں
کے مصنف ہیں۔میرے مرشد کریم سلسلہ عظیمیہ کے خانوادہ ہیں۔ اور 21بزرگان دین سے بطریق
اویسیہ اور براہ راست آپ کو فیض منتقل ہوا ہے۔ اس کی تفصیل آپ میری کتاب “میں اور میرا
مرشد” میں پڑھیں گے۔میرے مرشد کریم فرماتے ہیں کہ جتنے مسائل و مشکلات اور بیماریاں
پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا تعلق عقیدہ کی کمزوری سے ہے اور عقیدہ کی کمزوری مادہ پرستی سے
ہوتی ہے۔ ہر شخص اس بات کو جانتا ہے کہ آج کے دور میں مادیت انسان کی اتنی بڑی کمزوری
بن گئی ہے کہ ہر انسان مادی کشمکش میں مبتلا ہو کر اپنی روح سے دور ہو گیا ہے۔ اور
جیسے جیسے روح سے دوری واقع ہوئی اسی مناسبت سے انسان شک اور وسوسوں کی آماجگاہ بن
گیا۔ اب سے 70سال پہلے انسان کے اندر جو یقین تھا وہ اب نظر نہیں آتا۔ پہلے انسان جس
سکون سے آشنا تھا۔ وہ اب کہیں نظر نہیں آتا۔ انسان نے جس قدر سائنسی ترقی کی ہے اسی
قدر وہ مذہب سے دور ہو گیا ہے۔ اور اس کا عقیدہ کمزور ہو گیا ہے۔ س