Topics

جیٹھانی تعویذ گنڈوں میں ماہر ہے

سوال:  میری شادی چودہ برس کی عمر میں ہو گئی تھی اور اس شادی میں میرے شوہر کی پسند شامل تھی۔ میرے شوہر نے مجھے بھرپور محبت دی اورمیرا ہر طرح سے خیال رکھا۔ میری ساس بھی بہت محبت کرنے والی تھیں لیکن میرے جیٹھ اور جیٹھانی کو یہ شادی بالکل پسند نہیں تھی۔ دراصل میری جیٹھانی کی خواہش تھی کہ میرے شوہر کی شادی ان کے رشتہ داروں میں ہو۔ میری ساس کی زندگی میں ان کا بس نہیں چلا اور جب میری ساس کا انتقال ہو گیا تو انہوں نے میرے خلاف محاذ بنا لیا۔ انہوں نے میرے شوہر کو اپنی باتوں میں اپنا لینا شروع کیا اور میرے خلاف کان بھرنے شروع کر دیئے۔ ان کارروائیوں کے باوجود میرے شوہر ان کے پھندے میں نہیں آئے۔ میرے شوہر کو آرٹ سے بھی دلچسپی تھی اور اکثر ہمارے ہاں آرٹسٹ لڑکیاں بھی آتی تھیں لیکن میں اس بات کا قطعی برا نہیں مانتی تھی کیونکہ مجھے اپنے شوہر پر اندھا اعتماد تھا۔ میری والدہ کے محلے میں ایک لڑکی رہتی تھی جو مجھے باجی کہا کرتی تھی میرے شوہر کے پیچھے لگ گئی۔ آج پانچ سال کا عرصہ ہو چکا ہے۔ ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور وہ لڑکی میرے شوہر کو کسی طرح بھی چھوڑنے پر تیار نہیں ہے۔ جب میری جیٹھانی کو اس بات کا پتہ چلا تو انہوں نے مشہور کر دیا کہ میرے شوہر اس لڑکی سے شادی کرینگے لیکن میرے شوہر نے کہا کہ وہ ہرگزشادی نہیں کرینگے۔ میری جیٹھانی اور وہ لڑکی دونوں تعویذ گنڈوں میں ماہر ہیں اور ابھی حال ہی میں میرے گھر سے دو تعویذ نکل چکے ہیں۔

پہلے میں اپنے شوہر سے بہت محبت کرتی تھی لیکن اب میں اپنے دل میں ان کے لئے کوئی جذبہ نہیں پاتی۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ لڑکی نے تعویذ کے ذریعے میرے دل سے شوہر کی محبت نکال دی ہے۔ میرے شوہر بھی میری طرف کوئی توجہ نہیں دیتے۔ نہ صحیح طرح بات کرتے ہیں اور نہ کہیں ملنے جلنے یا سیرو تفریح کے لئے لے کر جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ میکے بھی نہیں جانے دیتے۔ اور میکے والوں کو بھی میرے ہاں آنے سے منع کیا ہوا ہے۔ خواجہ صاحب! ان حالات کی وجہ سے میرا جو حال ہے وہ میں بیان نہیں کر سکتی۔ آپ کوئی ایسا روحانی عمل بتائیں جس سے وہ لڑکی میرے شوہر کا پیچھا چھوڑ دے اور میرے شوہر کے دل میں میرے لئے وہی پہلی سی محبت پیدا ہو جائے۔

جواب: آدھی رات گزرنے کے بعد جب شوہر گہری نیند سو رہے ہوں آپ وضو کر کے کھلے آسمان کے نیچے ننگے پیر زمین یا فرش پر کھڑی ہو جائیں اور سر پر دونوں ہاتھ رکھ کر آنکھیں بند کر لیں۔ ایک سو تین مرتبہ الرحمٰن الرحیم پڑھ کر بستر پر چلی جائیں اور شوہر کا تصور کرتے کرتے سو جائیں۔ ایک سو تین مرتبہ شمار کرنے کا طریقہ یہ ہو گا کہ آپ پہلے یہ دور کر کے گھڑی دیکھ لیں کہ کتنی دیر لگتی ہے۔ اندازہ سے اتنی ہی دیر پڑھتی رہیں زیادہ یا کم ہو جانے سے اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ عمل کی مدت چالیس روز ہے۔

Topics


Khawateen Ke Masil

خواجہ شمس الدین عظیمی


حضرت خواجہ الشیخ عظیمی صاحب کو لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے متعلق ہر ماہ تقریباً 15ہزار خطوط موصول ہوتے ہیں۔ جن کا جواب بلا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ روزنامہ جنگ میں ایک کالم “روحانی ڈاک” کے نام سے مرشد کریم نے 25سال سے زیادہ عرصہ لکھا اور یہ کتاب اسی روحانی ڈاک سے تیار کی گئی ہے۔ میرے مرشد کریم اس وقت 32سے زائد کتابوں اور 72سے زائد کتابچوں کے مصنف ہیں۔میرے مرشد کریم سلسلہ عظیمیہ کے خانوادہ ہیں۔ اور 21بزرگان دین سے بطریق اویسیہ اور براہ راست آپ کو فیض منتقل ہوا ہے۔ اس کی تفصیل آپ میری کتاب “میں اور میرا مرشد” میں پڑھیں گے۔میرے مرشد کریم فرماتے ہیں کہ جتنے مسائل و مشکلات اور بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا تعلق عقیدہ کی کمزوری سے ہے اور عقیدہ کی کمزوری مادہ پرستی سے ہوتی ہے۔ ہر شخص اس بات کو جانتا ہے کہ آج کے دور میں مادیت انسان کی اتنی بڑی کمزوری بن گئی ہے کہ ہر انسان مادی کشمکش میں مبتلا ہو کر اپنی روح سے دور ہو گیا ہے۔ اور جیسے جیسے روح سے دوری واقع ہوئی اسی مناسبت سے انسان شک اور وسوسوں کی آماجگاہ بن گیا۔ اب سے 70سال پہلے انسان کے اندر جو یقین تھا وہ اب نظر نہیں آتا۔ پہلے انسان جس سکون سے آشنا تھا۔ وہ اب کہیں نظر نہیں آتا۔ انسان نے جس قدر سائنسی ترقی کی ہے اسی قدر وہ مذہب سے دور ہو گیا ہے۔ اور اس کا عقیدہ کمزور ہو گیا ہے۔ س