Spiritual Healing

شکوہ کرنے لگی

سوال:  یہ واقعہ رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کا ہے۔ ہم سب ٹی وی دیکھ رہے تھے کہ اعلان ہوا رمضان کا چاند ہو گیا ہے، کل روزہ ہے۔ سب گھر والے اوپر چھت پر چاند دیکھنے چلے گئے، میں ڈرائنگ روم میں صوفے پر لیٹ کر اللہ سے شکوہ کرنے لگی۔ اللہ میاں آپ سب جانتے ہیں میں کتنے شوق سے روزے رکھتی ہوں مگر آپ ہمارے ساتھ کیا کرتے ہیں، عید کے روز ہمیں نئے کپڑے نہیں دیتے۔ دوسرے گھروں کی طرح ہمارے گھر میں رونق نہیں ہوتی۔ جب ہم پورے روزے رکھتے ہیں تو ہمارے لیے عید خوشیاں کیوں نہیں لاتی۔ آپ سے احتجاج کرتی ہوں اب روزے نہیں رکھوں گی۔ صبح بیدار ہو کر آئینہ کے سامنے کھڑے ہو کر بال بنائے، تھوڑی دیر بعد باتھ روم میں میرے پیروں کو جھٹکا لگا۔ بڑی بہن نے مجھ کو سنبھالا۔ ایسا لگتا تھا کہ میں زمین سے اوپر اٹھ رہی ہوں اور کشش ثقل ختم ہو گئی ہے۔ میرا رنگ پیلا پڑ گیا۔ گھر والے سمجھے مجھے کرنٹ لگ گیا ہے۔ دوسرے دن بھی پیر کانپے اور پھر پورے جسم کو جھٹکے لگے۔ دل ڈوبنے لگا اور میں چیخیں مار کر رونے لگی۔ امی ابو نے جلدی جلدی دودھ میں گلوکوز ملا کر پلایا۔ کچھ سکون ملا۔ جب یہ سلسلہ دراز ہوتا گیا تو علاج سے فائدہ نہ ہوا تو امی ایک عامل خاتون کے پاس لے گئیں۔ جو ہر طرح کا علاج کرتی ہیں اور مریض کا چہرہ دیکھ کر مرض بتا دیتی ہیں۔ مجھے دیکھا تو پوچھا تمہارے کتنے بچے ہیں؟ امی نے کہا ابھی شادی نہیں ہوئی۔ عامل خاتون جلال میں آ گئیں اور فرمایا تم اپنی بیٹی کو تباہ کرنا چاہتی ہو۔ ہم اس بات کا مفہوم بالکل نہیں سمجھے۔ قصہ مختصر علاج ہوتا رہا لیکن نہ تو مرض کی تشخیص ہوئی اور نہ ہی علاج ہوا۔ ہسپتال میں داخل کیا گیا تو وہاں بھی مرض کی کوئی خاص نشاندہی نہیں ہوئی۔ اب صورت حال یہ ہے کہ میں پیروں کے بل بیٹھ نہیں سکتی۔ آنکھیں بند کر کے لیٹتی ہوں تو جسم کو جھٹکا لگتا ہے۔

جواب: ایسا لگتا ہے کہ آپ کو بلڈ پریشر کا عارضہ ہے۔ جس کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ آپ اندرونی زنانہ بیماری میں بھی ایک عرصے سے مبتلا ہیں اس طرف بھی توجہ نہیں دی گئی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ نے بیماریوں کو اپنے جسم میں لاپرواہی سے پرورش کیا ہے۔ فوراً کسی اچھے اور تجربہ کار حکیم سے رجوع کریں اور یونانی علاج کرائیں۔ روحانی علاج یہ ہے کہ جب بھی پانی پئیں تین مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں۔ حکیم صاحب سے اپنے لئے غذا کا چارٹ بنوائیں۔ اس چارٹ کے مطابق غذائیں استعمال کریں۔ مرض پیچیدہ نہیں ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد شفا ہو جائے گی۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی عطا فرمائیں۔ آمین۔ ہر نماز کے بعد ایک تسبیح استغفار پڑھیں۔

Topics


Khawateen Ke Masil

خواجہ شمس الدین عظیمی


حضرت خواجہ الشیخ عظیمی صاحب کو لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے متعلق ہر ماہ تقریباً 15ہزار خطوط موصول ہوتے ہیں۔ جن کا جواب بلا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ روزنامہ جنگ میں ایک کالم “روحانی ڈاک” کے نام سے مرشد کریم نے 25سال سے زیادہ عرصہ لکھا اور یہ کتاب اسی روحانی ڈاک سے تیار کی گئی ہے۔ میرے مرشد کریم اس وقت 32سے زائد کتابوں اور 72سے زائد کتابچوں کے مصنف ہیں۔میرے مرشد کریم سلسلہ عظیمیہ کے خانوادہ ہیں۔ اور 21بزرگان دین سے بطریق اویسیہ اور براہ راست آپ کو فیض منتقل ہوا ہے۔ اس کی تفصیل آپ میری کتاب “میں اور میرا مرشد” میں پڑھیں گے۔میرے مرشد کریم فرماتے ہیں کہ جتنے مسائل و مشکلات اور بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا تعلق عقیدہ کی کمزوری سے ہے اور عقیدہ کی کمزوری مادہ پرستی سے ہوتی ہے۔ ہر شخص اس بات کو جانتا ہے کہ آج کے دور میں مادیت انسان کی اتنی بڑی کمزوری بن گئی ہے کہ ہر انسان مادی کشمکش میں مبتلا ہو کر اپنی روح سے دور ہو گیا ہے۔ اور جیسے جیسے روح سے دوری واقع ہوئی اسی مناسبت سے انسان شک اور وسوسوں کی آماجگاہ بن گیا۔ اب سے 70سال پہلے انسان کے اندر جو یقین تھا وہ اب نظر نہیں آتا۔ پہلے انسان جس سکون سے آشنا تھا۔ وہ اب کہیں نظر نہیں آتا۔ انسان نے جس قدر سائنسی ترقی کی ہے اسی قدر وہ مذہب سے دور ہو گیا ہے۔ اور اس کا عقیدہ کمزور ہو گیا ہے۔ س