Topics
سوال: میری عمر بیس برس ہے مگر نسوانی حسن بالکل نہیں ہے۔ ہڈیاں بھی بالکل کمزور اور باریک ہیں۔ ذرا بھی کشش نہیں ہے۔
میری ایک آنکھ بھینگی ہے جس کی وجہ سے یہ شکل بھی عجیب سی معلوم ہوتی ہے۔ بیس کی بجائے بارہ سال کی لگتی ہوں۔ بھینگی آنکھ، شکل جسامت اور نسوانی حسن نہ ہونے کی وجہ سے احساس کمتری کا شکار ہوں۔ دوسرے لوگوں سے گفتگو کرنے سے پرہیز کرتی ہوں۔ ہر وقت Tenseرہتی ہوں کہ کوئی مذاق نہ اڑائے بات کرتے ہوئے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔ بہت گھبراجاتی ہوں۔
میرا نکاح ہو گیا ہے۔ رخصتی چند مہینوں میں ہونے والی ہے۔ خواہش ہے کہ اس سے پہلے نسوانی حسن میں اضافہ ہو احساس کمتری سے نجات مل جائے۔ جسامت اور ہڈیاں مناسب ہو جائیں۔ کوئی روحانی علاج بتائیں کیونکہ خرچہ کرنے کی استطاعت نہیں ہے۔
خوش بھی نہیں رہتی بس پریشانی سی لگی رہتی ہے۔ ہر وقت افسردہ خیالات ستاتے ہیں۔ خود ہی بنتی رہتی ہوں اور پریشان ہوتی رہتی ہوں۔ میں نے اتنے ڈھیر سارے مسائل تو لکھ دیئے ہیں۔ امید ہے کہ آپ جلد ہی کوئی روحانی علاج تجویز فرمائیں گے اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے۔
جواب: رات کو سوتے وقت 100بار یا مصور پڑھ کر دس منٹ تک نیلی روشنی کا مراقبہ کیا کریں۔ شادی کے بعد انشاء اللہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔
آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔