Topics

خوف اور ڈر

سوال: آپ روحانی ڈائجسٹ کے ذریعے عوام کی جو خدمت کر رہے ہیں، خدا آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے(آمین) میں بھی ایک مسئلہ لکھ رہی ہوں اور درخواست کرتی ہوں کہ وظیفہ عنایت فرما کر مجھے اس مشکل سے نجات دلائیں۔

تقریباً تین سال سے مجھ پر عجیب سی کیفیت ہے۔ ہر وقت عجیب سا خوف اور ڈر سوار رہتا ہے اور عجیب عجیب خیالات آتے ہیں کہ کہیں یہ نہ ہو جائے کہیں وہ نہ ہو جائے۔ غرض یہ کہ لوگوں سے بہت ڈر لگتا ہے۔ میں ایک پر اعتماد اور نڈر لڑکی تھی لیکن خوف نے مجھے بزدل اور کمزور بنا دیا ہے۔ میں لوگوں میں بیٹھتے ہوئے گھبراتی ہوں۔ میں سروس کرتی ہوں اس لئے لوگوں سے ملنا پڑتا ہے۔ 

لیکن میں اپنی اس حالت سے سخت پریشان ہوں۔ گھر کا ماحول بھی عجیب ہے اور کوئی دوسرے پر اعتبار نہیں کرتا۔ ہر شخص دوسرے پر شک کرتا ہے۔ والد فوت ہو چکے ہیں۔ میں ان حالات میں سخت پریشان اور دل برداشتہ ہوں۔ مجھے زندگی میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔ میری آپ سے التجا ہے کہ کوئی وظیفہ عنایت کریں تا کہ میں پھر سے بااعتماد اور نڈر ہو جاؤں اور میری شخصیت سے بے اعتمادی، خوف، ڈر، شک ، بزدلی اور منفی سوچیں ختم ہو جائیں۔

جواب: ہر نماز کے بعد تھوڑی دیر آنکھیں بند کر کے بیٹھ جائیں۔ اس کے بعد 30بار اللہ کے دوستوں کو خوف اور غم نہیں ہوتا زبان سے دہرائیں۔ چالیس دن تک۔ ہر جمعرات کو دو روپے خیرات کریں۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔