Topics

گردے میں پتھری

سوال: میں روحانی ڈائجسٹ کا مستقل سالانہ خریدار ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ میری والدہ صاحبہ کے گردے میں گزشتہ 5سال سے درد ہے۔ ایکسرے کے بعد ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ گردے میں پتھری ہے۔ والدہ صاحبہ آپریشن کرانا نہیں چاہتیں۔ آپ کے تجربہ میں کوئی نسخہ ہو جس سے پتھری نکل جائے تو بتا دیں۔ اللہ آپ کا بھلا کرے گا۔ کر بھلا ہو بھلا۔ ہم نے ہر طرح سمجھا کر دیکھ لیا ہے مگر والدہ صاحبہ کسی طرح آپریشن کے لئے رضا مند نہیں ہوتیں اور ہم سے ان کی تکلیف دیکھی نہیں جاتی۔ نسخہ شائع کر دیں تا کہ اس قسم کے دوسرے مریض بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

ھوالشافی

جواب: حجر الیہود، سنگ سرماہی، جواکھار، شورہ قلمی، ہر دوا ایک ایک ماشہ، سب کو کوٹ کر نہایت باریک سفوف بنا لیں اور صبح نہار منہ عرق گاؤ زبان، عرق بادیان اور شربت بزوری پانچ پانچ تولہ کے ساتھ کھلا دیا کریں۔ گردہ پتھری کے جس مریض نے بھی یہ نسخہ استعمال کیا ہے اللہ تعالیٰ نے اسے شفا بخشی ہے اور پتھری ریزہ ریزہ ہو کر پیشاب کے راستے خارج ہو گئی ہے۔ یہ نسخہ پندرہ روز تک استعمال کیا جاتا ہے۔ اوپر لکھے ہوئے اوزان ایک روز کے لئے ہیں۔ تلی ہوئی، ثقیل، بادی اور باسی چیزوں سے پرہیز کریں۔ دوا کھانے کے بعد آدھے گھنٹے تک کوئی چیز کھانا پینا منع ہے۔


Topics


Roohani Daak (4)

خواجہ شمس الدین عظیمی

جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے کالم نویسی کاآغاز1969میں روزنامہ حریت سے کیا ۔پہلے طبیعیات کے اوپر مضامین شائع ہوتے رہے پھر نفسیات اور مابعد نفسیات کے مضمون زیر بحث آ گئے۔ روزنامہ حریت کے قارئین نے سائیکالوجی اور پیراسائیکالوجی کے ان مضامین کو نہ صرف پسند کیا بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لئے خطوط لکھنے شروع کر دیئے۔ زیادہ تر خطوط خواب سے متعلق ہوتے تھے۔ شروع کے دنوں میں ہفتہ میں تین یا چار خط موصول ہوتے تھے اور پھر یہ سلسلہ ہر ہفتہ سینکڑوں خطوط پر پھیل گیا۔ حریت کے بعد روزنامہ جسارت، روزنامہ اعلان، روزنامہ مشرق اور پھر روزنامہ جنگ میں روحانی ڈاک کے عنوان پر یہ کالم اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خطوط کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ جب اخبار کا دامن اتنی بڑی ڈاک کا متحمل نہ ہو سکا تو پیارے اور محترم دوستوں کے مشوروں اور تعاون سے روحانی ڈائجسٹ کا اجراء ہوا اور آج بھی روحانی ڈاک کے عنوان سے یہ کالم روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہو رہا ہے۔

آپ نے ان اخبارات وجرائد میں عوام کے ان گنت معاشی، معاشرتی، نفسیاتی مسائل اورالجھنوں کا حل پیش کیا ہے اورمظاہرقدرت کے پیچیدہ معموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ہیں۔خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے لائق شاگرد جناب میاں مشتاق احمد عظیمی نے روحانی ڈاک میں شائع شدہ ان خطوط کو یکجا کیا اورترتیب وتدوین کے مراحل سے گزارکر چارجلدوں پر مشتمل کتاب روحانی ڈاک کو عوام الناس کی خدمت کے لئے شائع کردیا۔